ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 تمام مسلم ممالک متحد ہوکر اسرائیل کا مقابلہ کریں، خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں تجویز

 تمام مسلم ممالک متحد ہوکر اسرائیل کا مقابلہ کریں، خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں تجویز
کیپشن: File photo
سورس: google

عالم اسلام کا اتحاد اس وقت نظر آنا چاہے، اسلامی دنیا میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع ہونے چاہئیں، اسرائیل کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس ہاتھ کو جھٹک دینا چاہئے۔

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل کا مقابلہ کریں کیونکہ اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آجائے گی۔

آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا   کہ اس وقت ایران اور اسرائیل میں جنگ جاری ہے، گزشتہ رات اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، ایران کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور ملٹری قیادت کو شہید کیا، اس ساری صورتحال میں اسرائیل اکیلا نہیں۔

ایران  کے ساتھ صدیوں سے تعلقات ہیں، تاریخی رشتہ ہے۔  آزمائش کی گھڑی میں ہر طریقے سے ایران کے ساتھ ہیں۔  ہم ایرانی مفادات کی حفاظت کریں گے۔  ایرانی ہمارے بھائی ہیں، ہمارا کا دکھ درد، غم مشترک ہے، اسرائیل نے یمن، ایران اور فلسطین کو نشانہ بنایا ہوا ہے۔ عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے، اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور ہم خاموش رہے تو سب کی باری آجائے گی۔ 

خواجہ آصف نے تجویز دی کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔ تمام مسلم ممالک متحد ہوکر اسرائیل کا مقابلہ کریں۔

خواجہ آصف نے کہا،  اسرائیل کے خلاف دنیا میں مضبوط آواز اٹھ رہی ہے، مغربی دنیا کے غیر مسلم عوام اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر روز اول سے مضبوطی سے کھڑا ہے۔  پاکستان نےاسرائیل کو تسلیم کیا نہ ہی تعلقات بنائے، پچھلے چند سالوں میں کچھ پاکستانی نژاد اسرائیل گئے لیکن کس طرح گئے، کس نے معاونت دی؛ میں اس کی تفصیلات میں نہیں جاتا۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد اس وقت نظر آنا چاہے، اسلامی دنیا میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع ہونے چاہئیں، اسرائیل کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس ہاتھ کو جھٹک دینا چاہئے۔

 خواجہ آصف نے کہا  کہ بھارت نے ہم پر حملہ کیا جس کی اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔ بھارت کے اندر حکمران تذلیل کا شکار ہوئے۔ بھارت کا دنیا کے سامنے طلسم بھی مسمار ہوا۔ ہماری افواج کی مضبوطی اور عوام کے عزم نے یہ ممکن بنایا۔ہم نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا۔