سٹی42: پنجاب کے وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ سکھ کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی بھارتی کوشش ناکام ہو گئی ، کرتارپور کے گورودوارہ دربار صاحب میں تاریخی گورو گرنتھ اور قیمتی تاریخی تبرکات اور گورودوارہ صاحب کی تمام اشیا محفوظ ہیں۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی بھارتی کوشش ناکام ہو گئی، گوردوراہ کرتار پور صاحب سے سو کے قریب یاتری اور مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ پاک فوج اور ریسکیو اہلکاروں کی دن رات کی کاوشیں رنگ لائیں، گوردوارہ کرتارپور صاحب میں تاریخی گرنتھ اور قیمتی اشیاء محفوظ ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔پاک فوج کے جوانوں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں نے ریسکیو آپریشن کامیاب بنایا،۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا، بھارتی حکومت کی آبی جارحیت نے پاکستان کے کئی علاقوں کو ڈبو دیا۔ بھارت کی طرف سے پانی چھوڑنا کھلی آبی دہشتگردی ہے۔گوردوارہ کرتارپور صاحب میں دس فٹ کے قریب پانی کھڑا ہوا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا، ہم نے مودی سرکار سے کہا تھا 2500 یاتریوں کو کرتار پور آنے کی اجازت دے، مودی نے 2500 یاتریوں کی بچائے ڈھائی لاکھ کیوسک پانی کرتار پور بھیج دیا۔ مودی سرکار نے جان بوجھ کر اڑھائی لاکھ کیوسک کا ریلا بھیجا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پہلے سے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے گئے ، چند دنوں میں گوردوارہ کرتارپور صاحب کو دوبارہ یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا، دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مایوس نہیں کریں گے۔