جنید ریاض:پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) نے قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے والے مختلف اضلاع کے 17 پارٹنر سکولوں کے معاہدے منسوخ کردیئے۔
پیف حکام کے مطابق مذکورہ سکولوں کے معاہدے غیر معیاری انفراسٹرکچر اور خستہ حال عمارتوں کے باعث منسوخ کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو خطرناک عمارتوں میں بٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پیف حکام کے مطابق پارٹنر سکولوں میں طلبہ کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا بنیادی ترجیح ہے، جبکہ غیر معیاری انفراسٹرکچر رکھنے والے پارٹنر سکولوں کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا کہ پیف کے ساتھ شراکت داری کرنے والے تمام سکولوں کے لیے ادارے کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد لازمی ہے۔ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والے سکولوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔