ملک اشرف : پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری، افسران کی کارکردگی اور مقدمات کی مؤثر پیروی یقینی بنانے کے لیے ضلع کچہری لاہور کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے پراسیکیوشن افسران اور سٹاف کی حاضری، ڈسپلن اور کارکردگی کا موقع پر جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقدمات سے متعلق ریکارڈ اور چالان بھی چیک کیے۔چودھری عرفان صادق تارڑ نے متعدد مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں پیش نہ کیے جانے پر متعلقہ پراسیکیوٹرز پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ مقدمات کے چالان مقررہ وقت پر عدالتوں میں پیش کرنا پراسیکیوٹرز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "جو پراسیکیوٹر کام نہیں کرے گا، وہ نوکری میں نہیں رہے گا۔"انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کے نظام میں غیر ذمہ داری، سستی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ پراسیکیوٹرز ریاست کے مقدمات کے ذمہ دار ہیں، اس لیے ہر مقدمے کی مؤثر پیروی، بروقت چالان کی پیشی اور عدالت میں ریاستی مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
چودھری عرفان صادق تارڑ نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی مکمل تیاری کی جائے اور ہر کیس کی مؤثر انداز میں پیروی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چالان بروقت عدالت میں پیش نہ کرنے سمیت فرائض میں غفلت کا کوئی جواز قابل قبول نہیں ہوگا۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ غیر حاضر، غیر ذمہ دار اور کام میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ کسی افسر یا اہلکار کو اس کے عہدے یا سروس کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جائے گی۔ پراسیکوٹر جنرل پنجاب نے مزید کہا کہ فیلڈ میں پراسیکیوٹرز اور سٹاف کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اچانک معائنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔چودھری عرفان صادق تارڑ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تاکہ ریاست کے مقدمات میں مؤثر پیروی اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے واضح کیا کہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔