ثمرا فاطمہ:لاہور میں گاڑیوں کے دھویں کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا، جس کے تحت شہر کے 9 اہم داخلی و خارجی راستوں پر وہیکلر ایمیشن سکیننگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔
وہیکلر ایمیشن سکیننگ سسٹم کے ذریعے دھوئیں کی غیر مداخلتی ٹیکنالوجی سے موقع پر سکیننگ کی جائے گی۔ جدید ریموٹ سینسنگ ڈیوائسز گاڑی روکے بغیر اس کے اخراج میں موجود آلودگی کی پیمائش کریں گی۔
سسٹم کے ذریعے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، رفتار، ایکسیلیریشن اور سکیننگ کا وقت بھی ریکارڈ کیا جائے گا، جبکہ زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ماحولیاتی نگرانی کا دائرہ وسیع اور کارروائی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔ سسٹم کے ذریعے لاہور میں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کے حقیقی رجحانات کا تعین کیا جا سکے گا۔
زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی نشاندہی کے بعد مزید تفصیلی ٹیسٹنگ اور کارروائی کی جا سکے گی۔ منتخب گاڑیوں کی تفصیلی جانچ اور سکیننگ نتائج کی تصدیق کیلئے پورٹیبل ایمیشن سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا۔
وہیکلر ایمیشن سکیننگ سسٹم کیلئے ای پی اے میں خصوصی وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس نظام سے گاڑیوں کے اخراج کی نگرانی، ماحولیاتی نفاذ اور لاہور کی ایئر کوالٹی مینجمنٹ مزید مضبوط ہوگی۔