عرفان ملک:لاہور پولیس نے بچوں کے خلاف مبینہ جنسی جرائم کے دو مختلف واقعات میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سبزہ زار پولیس نے 10 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے الزام میں وسیم نامی ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ ملت پارک پولیس نے 11 سالہ بچے سے مبینہ بدفعلی کے الزام میں علی احمد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف بچوں کے والدین کی مدعیت میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں اور معمولات پر نظر رکھیں اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔