عابد چودھری:اچھرہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سپر مارکیٹ پبلک پارک سے تین مبینہ ڈکیت ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پارک میں موجود ملزمان سپر مارکیٹ میں واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان نے چند روز قبل اچھرہ بازار اور گردونواح میں متعدد وارداتیں کی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گن پوائنٹ پر شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکلیں چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں، پانچ موبائل فون، نقدی اور پستول برآمد کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں شاہزیب، عمر اور علی حیدر شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔