راؤ دلشاد:وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے مختلف شہروں کی ترقی کے لیے جاری پروگرامز اور منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹریز شاہد زمان لک اور موسیٰ رضا، ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم سمیت پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (PICIIIP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر جاوید نے شرکت کی۔ اجلاس میں PICIIIP کے علاوہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) اور پنجاب سٹیز پروگرام پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چاہن اور خان پور ڈیم کے پانی کی فلٹریشن کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے مطابق چاہن ڈیم سے روزانہ 12 ملین گیلن جبکہ خان پور ڈیم سے 8.6 ملین گیلن پانی حاصل ہوگا۔
صوبائی وزیر نے منصوبے کو ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام سے منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے پیکیج ون اور پیکیج ٹو کے تحت سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔ ان کے مطابق پیکیج ون سے 12 میگاواٹ جبکہ پیکیج ٹو سے 7 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ PICIIIP کے تحت پنجاب کے 16 شہروں میں مختلف سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے PICIIIP کے لیے نیسپاک کو کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واٹر ٹینکس کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ واٹر ٹینکس کی تعمیر کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں اور اگلے مون سون تک مزید 16 شہروں میں بھی ٹینکس کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر شہر کی مقامی ضروریات کو سمجھنے کے لیے منتخب نمائندوں سے مشاورت کی جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی مقامی ضروریات کے مطابق کی جا سکے۔