فریحہ بتول:مہنگائی کے ستائے شہریوں پر ایک اور بوجھ پڑ گیا، مرغی اور انڈوں کی سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کا پرچون ریٹ 461 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں مرغی 520 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسی طرح برائلر زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 318 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں زندہ برائلر 399 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 249 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں انڈے 300 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر چکن اور انڈوں کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔