عثمان خادم:مال روڈ لاہور کے فیصل چوک پر جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنا 32ویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث مال روڈ کا متعلقہ حصہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موقع پر دھرنے کے لیے ٹینٹ اور کرسیاں موجود ہیں، تاہم آج شرکاء کی تعداد نسبتاً کم رہی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی مکمل ختم کرنے اور پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی نے مطالبات منظور نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مال روڈ پر جاری دھرنے کے باعث شہریوں کو آمدورفت اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کی اطلاعات ہیں۔