پنجاب اسمبلی کے چار آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شامل

ویب ڈیسک : آزاد کامیاب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے چار مزید ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ 

چاروں نومنتخب ارکان کی نامزد وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پی پی 132سے سلطان باجوہ، پی پی 288 سےحنیف پتافی، پی پی 289 سے محمود قادر خان اور پی پی 94 تیمور لالی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ چاروں نومنتخب ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز  شریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان اور تیمور لالی کا شکریہ ادا کیا اور ان کا خیرمقدم کیا۔ 

چاروں ارکان نے پارٹی قائد محمد نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔  

شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے۔ قائد جناب محمد نواز شریف کی راہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔ نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے۔ مہنگائی کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔ 

واضح رہے کہ پارٹی راہنما رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، خواجہ عمران نزیر، سردار احمد خان لغاری اور دیگر راہنماؤں بھی اس موقع پر موجود تھے