ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیلابی علاقوں سے انخلا کا آپریشن تیز کرنےکاحکم

سیلابی علاقوں سے انخلا کا آپریشن تیز کرنےکاحکم

سٹی42: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلا کے لئے جاری آپریشن میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ صوبہء پنجاب کے اضلاع میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کیا جائے۔ 

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اور اس حوالے امدادی کارروائیوں پر جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا،وزیراعظم نے متاثرہ خوراک,  ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی، وزیراعظم نے چیئر مین این ڈی ایم اے کو  پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ 

 اجلاس کو ملک میں سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دریائے ستلج میں سیلاب کے حوالے سے  پیشگی اطلاع کی وجہ سے دریائے ستلج کی گزرگاہ کے نواحی علاقوں سے مقامی آبادی کے باعث دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ،دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متعلقہ اداروں کے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں ؛ اب تک ایک لاکھ 74 ہزار 74 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے،ضلع نارووال میں لہری بند کے سیلاب سے متاثرہ علاقے سے مقامی آبادی کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے،صوبہ خیبر پختونخوا کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے ،گلگت بلتستان میں قومی شاہراہ کا 2 کلومیٹر کا علاقہ سیلاب کی وجہ سے زیر آب ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی دریائے راوی میں جسٹر اور دریائے چناب میں مرالہ کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے،نالہ ڈیک میں بھی شدید سیلابی صورتحال ہے۔بریفنگ   میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگلے 12 سے  24 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالا ، گجرات ،راولپنڈی ڈویژنز، آزاد جموں و کشمیر کے اضلاع میں شدید بارشیں جبکہ گلگت بلتستان کے کئی مقامات پر بھی بارشیں ہوں گی ۔

   اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال, وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.