ویب ڈیسک: اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں کئےمنگل کئے جانیوالے ’’ڈبل ٹیپ‘‘ حملے میں 15 سالہ نوجوان شہید ہو گیا، پہلے حملے کے بعد امدادی کارروائی کے دورن ہی اسرائیل نے دوسرا حملہ کر دیا جس میں3 افراد ہلاک اور 27زخمی ہو چکے ہیں۔اس گھنائونی جارحیت کے دوران ہی امریکہ نے اسرائیل کو 2.8 ارب ڈالر کے بم فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر کے شیخ رضوان علاقے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کئے گئے ایک کے بعد ایک، دوہرے فضائی حملے میں15 سالہ فلسطینی نوجوان محمد عبدالرحمن الزیناتی شہید ہو گیا۔ شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق، محمد قرآن حفظ کرنے کی مجلس سے واپس لوٹ رہا تھا جب پہلا حملہ ہوا۔ اس حملے میں زخمی ہونیوالے شخص کی مدد کیلئے جب عام لوگ جمع ہوئے تو اسی جگہ دوسرا حملہ(ڈبل ٹیپ ) کر دیا گیا۔ اس دوسرے حملے میں محمد کے ساتھ 23 سالہ فلسطینی سول ڈیفنس کے پیرامیڈک شریف شادی ابراہیم لباد بھی شہید ہو گئے۔
اس خوفناک حملے کے بعد فلسطینی صحافی محمد ہانیہ نے بتایا کہ جب ایک نوجوان پر حملہ ہوا تو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت محمد اور دیگر نوجوان اس کی مدد کیلئے دوڑے، لیکن اسرائیل نے دوبارہ بمباری کر دی جس میں محمدبھی شہید ہو گئے۔ اس دوسرے حملے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں صاف طور پرطبی امدادپہنچارہے لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس طرح کی کارروائیوں کو "ڈبل ٹیپ" حملہ کہا جاتا ہے، جس میں پہلے حملے کے فوراً بعد اسی جگہ دوبارہ حملہ کیا جاتا ہے تا کہ بچاؤ کا کام کرنے والے اہلکار، عام شہری اور طبی عملہ بھی زد میں آ جائیں۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اسرائیل کیلئے 2.8 ارب ڈالر کے اسلحہ پیکیج کی منظوری کی تیاری کر رہا ہے، جس میں40ہزار بھاری بم شامل ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکام اور ذرائع نے بتایا ہے کہ اس پیکیج میں 907؍ کلوگرام (2 ہزار پاؤنڈ) وزنی20 ہزار MK84عام طور پر استعمال ہونے والےبم اور20 ہزار BLU-117 شدید دھماکہ خیز بم شامل ہیں، علاوہ ازیں زیرِ زمین اور مضبوط ٹھکانوں کو تباہ کرنےکیلئے I-2000 پینیٹریٹر وار ہیڈز بھی دئیے جائیں گے۔ امریکی کانگریس کو اس بارے میں غیر رسمی طور پر مطلع کر دیا گیا ہے ۔ اس پیکیج کی بڑی رقم امریکی فارن ملٹری فائنانسنگ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے واشنگٹن کی فراہم کردہ رقم سے اسرائیل امریکی ہتھیار خریدتا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 11 اکتوبر کی جنگ بندی کے بعد ہوئے اسرائیلی حملوں میں ابتک ۱یک ہزار 375فلسطینی شہید اور 4ہزار686 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔