ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں مئی کا پہلا ہفتہ اپریل کے آخری ہفتے سے ٹھنڈا کیوں ہو گا

لاہور میں مئی کا پہلا ہفتہ اپریل کے آخری ہفتے سے ٹھنڈا کیوں ہو گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وسیم عظمت:  تین دن سے قیامت کی گرمی بھگت رہے لہوریوں کی آزمائش تمام ہوئی، کل ٹمپریچر گرنے کی ابتدا ہو رہی ہے۔ اور  پرسوں جب وہ سو کر اٹھیں گے تو  خوشگوار حیرت  میں مبتلا کر دینے والا موسم ان کا منتظر ہو گا۔

لاہور اور پنجاب میں موسمیاتی فنامنا  Heat Wave بدستور جاری ہے، کل بدھ کے روز بھی جاری رہے گا لیکن پاکستان میں ایک اور موسمیاتی فنامنا "ویسٹرلی وِنڈز" Westerly Winds کی آمد کے نتیجہ میں ہِیٹ ویوو کا اثر ختم ہونے کی ابتدا  غالباً کل ہو جائے گی۔ پرسوں یومِ مئی کی چھٹی کے دوران موسم قدرے  ٹھنڈا رہے گا اور یوم مئی کے جلوس نکالنے کے لئے سڑکوں پر آنے والے مزدور  گرمی کے ہاتھوں اپنا جلوس نکل جانے سے یقیناً بچ جائیں گے۔ 

گزشتہ پورے ہفتے کے دوران لاہور اور پنجاب کے بیشتر علاقے اور ان کے ساتھ سندھ کے بھی بیشتر علاقے ہِیٹ ویوو کے زیر اثر رہے ہیں۔

اپریل   کا آخری دن اور مئی کے پہلے کم از کم تین دن لاہور میں ہیٹ ویوو برقرار رہنے کے باوجود  ٹمپریچر  کم رہے گا۔ اس دوران ویسٹری وِنڈز کے زیر اثر آسمان پر بادل بھی آئیں گے تاہم یہ یقین نہیں کہ لاہور میں بھی بارش ہو پائے گی یا نہیں۔

میٹ ڈیپارٹمنٹ کی فور کاسٹ 

محکمہ موسمیات  نے آئندہ چند روز کے دوران پاکستان کے کئی علاقوں میں بارشوں کی  فورکاسٹ کی ہے۔

میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مغربی ہوائیں 30 اپریل کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان  ہے۔ 
 
4 مئی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 11 مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی والی ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔ 

 کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں آندھی، ژالہ باری اور شدید بارش کا امکان ہے۔   
جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 2 سے 5 مئی کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے اور  بارش کا امکان ہے۔
  میٹ ڈیپارٹمنٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ  موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کے باعث کمزور ڈھانچوں اور درختوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا کہ موسلا دھار بارش کہاں ہو گی، ژالہ کہاں پڑے گا اور آندھیاں کہاں آئیں گی۔
  میٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہیٹ ویوو کی موجودگی کا ذکر کئے بغیر فور کاسٹ کی ہے کہ   11 مئی سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ 
  

کشمیر کا موسم
آزاد کشمیر میں لائن آف کنترول پر گزشتہ پانچروز سے سخت کشیدگی چل رہی ہے اور موسم میں بھی حدت ہے تاہم  ایل او سی پر صورتحال کچھ بھی رہے، آج سے موسم میں گرمی کا عنصر کم ہونے کا امکان ہے۔

30 اپریل سے 4 مئی کے دوران کشمیر، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، میرپور میں گرج چمک، آندھی اور چند مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

شمالی پنجاب کے لئے میٹ ڈیپارٹمنٹ کی فور کاسٹ

30 اپریل سے 4 مئی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، کلرکہار، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ،  میں بارش، ژالہ باری اور آندھی کی توقع ہے 

11 مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی والی ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے جو مزید بارشوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

وسطی  پنجاب کے لئے میٹ ڈیپارٹمنٹ کی فور کاسٹ

حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، میں بارش، ژالہ باری اور آندھی کا امکان ہے۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا اور میانوالی میں بارش، ژالہ باری اور آندھی کی توقع ہے 

خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں کیا ہو سکتا ہے

30 اپریل سے 4 مئی کے دوران چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، ملاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ، لکی مروت، پشاور، مردان، کرم میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کی فورکاسٹ

30 اپریل سے 4 مئی کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں استور، دیامر، نگر، ہنزہ، سکردو، گانچھے، شگر اور گلگت میں بھی ژالہ باری اور بارش متوقع ہے

جنوبی پنجاب کے عوام  ویسٹرلی وِنڈز سے کیا توقع رکھیں 

2 مئی سے 5 مئی کے دوران جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

 ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، سکھر، میرپور خاص، عمرکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کیلئے فورکاسٹ

2 مئی سے 5 مئی کے دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔