ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

" فرار ہو جاؤ، ورنہ تم ہمارے نشانے پر ہو اور  ہم تمہارے بہت قریب ہیں"

 Irani generals , Israeli Intelligence, coward operations, Telegram , Washington Post
کیپشن:  جمعہ 13 جون 2025 کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے حملے کے بعد کے منظر کا ایک منظر ۔ اس حملے کی سب سے خوفناک بات یہ تھی کہ ایران کی فوج کے سربراہ اور پاسداران کے سربراہ دونوں مارے گئے۔

سٹی42:  ایران پر مسلسل حملوں اور اعلیٰ فوجی افسروں اور ایٹمی سائنسدانوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسیوں نےآیت اللہ خامنہ ای کے باقی ماندہ جنرلز کو ان کے فون پر بھاگ جانے کے مشورے دینا شروع کر دیا۔ 

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی اداروں سے وابستہ فارسی بولنے والے ایجنٹس نے ایران کے اعلیٰ حکام کو اُن کے ذاتی موبائل نمبروں پر کالز کیں اور انہیں خبردار کیا کہ اگر انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی حکومت کی حمایت ترک نہ کی تو ان کی بھی موت یقینی ہے۔

اخبار نے ایک آڈیو ریکارڈنگ اور اس کی مکمل ٹرانسکرپٹ حاصل کی جس میں ایک اسرائیلی ایجنٹ نے ایران کے ایک سینئر جنرل سے کہا کہ ’میرا مشورہ ہے کہ تم اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ 12 گھنٹوں کے اندر فرار ہو جاؤ، ورنہ تم ہمارے نشانے پر ہو اور  ہم تمہارے بہت قریب ہیں‘۔

اسرائیلی ایجنٹ نے اس ایرانی جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کو ایرانی حکومت سے الگ کرنے کی ویڈیو ریکارڈ کرے اور مخصوص ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر بھیجے۔ 

رپورٹ کے مطابق ایسے پیغامات 20 سے زائد اعلیٰ ایرانی شخصیات کو بھیجے گئے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کسی نے ویڈیو واقعی بھیجی یا نہیں، مگر اسرائیلی ایجنسیوں کا مقصد واضح طور پر  ایرانی قیادت میں خوف اور انتشار پیدا کرنا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر نے اس حوالے سے کسی بھی تبصرے سے انکار کیا ہے۔

رپورٹ میں فراہم کی گئی آڈیو ریکارڈنگ کو ایک اسرائیلی شخص نے واشنگٹن پوسٹ کو فراہم کیا جس نے ایجنٹ کی شناخت چھپانے کے لیے اس کی آواز کو تبدیل کیا، ایران کے جس جنرل کو کال کی گئی اس کا نام اور آواز بھی شائع نہیں کی گئی۔

گزشتہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات اسرائیل کے ایران پر اچانک ہمہ گیر حملے آغاز ہونے سے اب تک یہ سامنے آیا کہ انٹیلی جنس کوششوں میں ایجنٹوں اور ہتھیاروں کے گروہوں کو خفیہ طور پر ایران میں سرایت کرتے دیکھا گیا۔ فوجی رہنماؤں کو قتل کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے ایران کے کئی اعلیٰ جوہری سائنسدانوں کو بھی قتل کیا۔ پیر کے روز، ایک نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ ملک نے 2023 میں اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں گرفتار کسی کو پھانسی دے دی تھی۔  

وزیر اعظم کے دفتر نے ٹائمز آف اسرائیل کو بتایا کہ اس کا واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں ہے۔