ضمنی الیکشن: قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ کا عمل جاری، انٹرنیٹ سروس معطل

ضمنی الیکشن: قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ کا عمل جاری، انٹرنیٹ سروس معطل
کیپشن: File photo
سورس: google

 (ویب ڈیسک)  ملک بھر میں ضمنی انتخابات  کا دنگل سج گیا، قومی اسمبلی کے 5اور صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے.

 الیکشن کمیشن کے مطابق   پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

 دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

 یاد رہے کہ  ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔