آصف علی زرداری لاہور کا دورہ کر کے اسلام آباد پہنچ گئے

Asif Ali Zardari, City42

سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ سابق صدر آصف علی زرداری نئی حکومت بنانے کی غرض سے پیپلز پارٹی کی پنجاب قیادت سے مشاورت اور مسلم لیگ نون کی قیادت سے مذاکرات کے لئے لاہور  کے مختصر دورہ کے بعد اسلام آباد چلے گئے۔  پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر  سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے ساتھ ان کی ملاقات پنجاب کے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے گھر پر ہوئی۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے 8 فروری انتخابات کے بعد  آج جمعہ کی شام نیوز کانفرنس میں کہا  کہ وہ نئی حکومت بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ نون کے صدر اپنے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں۔

نواز شریف کی نیوز کانفرنس سے پہلے ہی صدر آصف علی زرداری کی لاہور آمد کا شیڈول طے تھا، لاہور آمد کے بعد صدر زرداری نے محسن نقوی کے گھر پر کچھ وقت گزارا جہاں  شہباز شریف ان سے ملاقات کے لئے پہنچے اور تقریباً دو گھنٹے ان کے ساتھ رہے۔ اس ملاقات کے بعد آصف زرداری نے لاہور میں مزید قیام نہیں کیا اور محسن نقوی کے گھر سے ہی ائیرپورٹ روانہ ہو گئے۔

صدر زرداری کل شام بینظیر آباد نوابشاہ میں موجود تھے، پولنگ کا  وقت ختم ہونے کے بعد اپنی نوابشاہ میں بھاری اکثریت سے جیت  اور سندھ بھر میں اطمنان بخش پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد  جس وقت ریٹرننگ آفیسرز اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کی ترسیل کا سلسلہ رکا تو  فوری طور پر اسلام آباد پہنچ گئے تھے۔ صدر زرداری نے کل شب اسلام آباد میں رہ کر انتخابی نتائج میں تعطل دور کروانے کے لئے اہم رابطے کئے، بعد ازاں آج صبح ہی انہوں نے لاہور آمد کا شیڈول بنوا لیا تھا۔ صدر زرداری لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئیر قیادت سے ملاقات کر کے پارٹی کی پنجاب میں پرفارمنس اور مستقبل کے لائحہ عمل پر اہم مشاورت کریں گے جو اُن کے لاہور میں شیڈول کا اہم حصہ ہے۔