دو آزاد ارکان قومی اسمبلی مسلم لیگ نون میں شامل ہو گئے

سٹی42: اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 سے آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والے امیدور راجہ خرم نواز نے پاکستان مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ وہ مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والے دوسرے آزاد رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اس سے پہلے بیرسٹر عقیل مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔ 

سابق وزیر مملکت برائے داخلہ راجہ خرم شہزادنواز نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 48 سے جیتنے کے بعد آج ہفتہ کے روز  پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

خرم نواز  کا مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں خرم نواز نے  کہا ہے کہ میں این اے 48 سے اپنے تمام ووٹرز اور سپورٹرز کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں جس محنت کیساتھ ہم نے یہ الیکشن لڑا اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں میں ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کا حمایت یافتہ امیدوار تھامیں نے ن لیگ کے سپورٹرز اور ووٹرز سے مشاورت کے بعد باقاعدہ طور پر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی بننے والی گورنمنٹ کا میں حصہ ہوں گا اور اپنے حلقہ کے عوام کے اعتماد پر میں پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

خیال رہے کہ این اے 48 اسلام آباد میں آزاد امیدوار راجہ خرم نواز 69699 ووٹوں کیساتھ کامیاب رہے جبکہ ٹی ایل پی کے اظہر محمود کو 13200 ووٹ ملے۔

بیرسٹر عقیل 

آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ نشست نواز شریف کی امانت تھی، پارٹی کو تحفے میں دے دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشست نواز شریف کی تھی اور آئندہ بھی رہے گی، سب شیروں کو ن لیگ کی فتح مبارک ہو۔

بیرسٹر عقیل کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 راولپنڈی 3 میں جیت کو اپ سیٹ قرار دیا گیا تھا۔ مسلم لیگ نون نے ان کو نظر انداز کر کے این اے 54 میں ٹکٹ پی ٹی آئی کے سابق وزیر غلام سرور خان کو دیا تھا جبکہ اس حلقہ مین مسلم لیگ نون کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی بھی  امیدوار تھے اور ابتدا میں انہی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ بیرسٹر عقیل کی انتخابی مہم کے دوران بھی کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ ڈارک ہارس ثابت ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتیجے کے مطابق این اے 54 سے آزاد امیدوار عقیل ملک 85912 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ 
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور غلام سرور خان ہار گئے۔ چوہدری نثار نے 19093 اور غلام سرور خان نے 16889 ووٹ لے سکے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے جیت کے بعد کہا تھا کہ میں نواز شریف کا سپاہی ہوں اور مسلم لیگ ن کا کل بھی شیر تھا، آج بھی شیر ہوں اور آئندہ آنے والے کل بھی شیر رہوں گا۔