الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق اور ان سے تھپڑ کھانے والے پولیس اہلکار کو طلب کر لیا

سٹی42: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے دوران ڈیوٹی پر موموجود پولیس افسر کو تھپڑ مارنے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے  ہوئے فردوس عاشق اعوان کو طلب کر لیا۔

  فردوس عاشق اعوان آج کل استحکام پاکستان پارٹی میں شال ہیں۔ 8 فروری کو عام انتخابات کے روز ایک پولنگ سٹیشن پر انہوں نے ایک پولیس اہلکار کو بے سبب تھپڑ مار دیا تھا اور ان کے ساتھ موجود افراد نے بھی پولیس اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی کی تھی۔ اس واقعہ کی ویڈیو کلپ بن گئی جو وائرل ہو جانے پر پولیس اہلکار کی شکایت پر فردوس عاشق کے  خلاف ایف آئی آر تو درج ہو گئی ہے تاہم اس کے بعد کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔  الیکشن کمیشن نے پیر کو فردوس عاشق اعوان کو طلب کیا ہے اور ان کے تھپڑ کا نشانہ بننے والے پولیس افسرکو بھی طلب کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق اہلکار این اے 70 سیالکوٹ میں الیکشن ڈیوٹی پر تھا۔

اس سے قبل  جون 2021 میں بھی فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹی وی پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کو تھپڑ مارا تھا اور نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔ ان کی کسی خاتون پر تشدد کی ویڈیو بھی وائرل ہو چکی ہے۔ ایسے واقعات کے بعد فردوس عاشق کو کبھی کسی تادیبی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔