ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شکارپور اور میر پور خاص میں موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل

سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شکارپور اور میر پور خاص میں موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل

سٹی 42 : شکارپور اور میر پور خاص میں 10 محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔

شکارپور شہر سمیت تمام تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہےکہ یہ اقدام 10 محرم الحرام کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔  

پولیس کے مطابق جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے، جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے مواصلاتی نظام محدود کر دیا گیا ہے۔  پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر  چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔

یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے میرپورخاص میں موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔

 ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے اور جیسے ہی سیکیورٹی خدشات کم ہوں گے، سروس بحال کر دی جائے گی۔