ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

سٹی42: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے رفقا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کر نے کےلئے آج9 محرم الحرام کے موقع پر جلوس عقیدت و احترام سے نکالے جائیں گے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ 

آج صوبے بھر میں 1691 جلوس اور 3903مجالس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا۔ لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس برآمد و منعقد ہو رہی ہیں،جس میں 10 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ 30 ہزار کمیونٹی رضا کار پولیس کی معاونت کر رہے ہیں، سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے CCTV کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ڈولفن، پیرو اور دیگر فورسز  بھی الرٹ رہے گی۔
اس کے علاوہ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس سے منسلک ہوں گے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی دفعہ 144 اور کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور جلوسوں اور مجالس کے مقررہ اوقات، روٹس اور لاؤڈ اسپیکر قوانین کی پابندی لازمی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام مسالک اور مذاہب کے افراد امن و ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ملکی سلامتی کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ 

دوسری جانب ملتان میں 80 جلوس برآمد ہوں گے۔ کراچی میں نشتر پارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔ روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیمی کربلا معلی کا نوڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا ۔پولیس کی جانب سے گزرگاہوں پر سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔