ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

9ویں محرم کا قصرِ بتول سے برآمد ہونے والا جلوس شاہ جمال مرکزی امام بار گاہ پہنچ کر اختتام پذیر

9ویں محرم کا قصرِ بتول سے برآمد ہونے والا جلوس شاہ جمال مرکزی امام بار گاہ پہنچ کر اختتام پذیر

سٹی 42 : 9ویں محرم کا قصر بتول امام بار گاہ سے برآمد ہونے والا جلوس شاہ جمال مرکزی امام بار گاہ کے قریب پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔ 

9ویں محرم کا مرکزی جلوس قصر بتول امام بار گاہ سے برآمد ہونے کے بعد اپنے مقرر کردہ راستوں سے گزرتا ہوا، سراج بلڈنگ پر پہنچا، جہاں سے گزر کر جلوس 4 بجے کے قریب مین بازار اسلام پورہ پہنچا۔ اس دوران اعزادارانِ حسین کی جانب سے سینہ کوبی، ماتم داری ،نوحہ خوانی کی گئی ۔ اب موصول ہونے والی خبروں کے مطابق مرکزی جلوس پچپن شاہ جمال پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔ 

جلوسوں اور مجالس کے گرد ریسکیو ہائی الرٹ

صوبائی دارالحکومت میں اہم مقامات، مجالس اور جلوسوں میں خصوصی ریسکیو ٹیمیں متعین کی گئیں، جبکہ تمام خصوصی مقامات پر ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں قائم کی گئیں۔ 

صوبائی دارالحکومت میں 1350 ریسکیور 55 ایمبولینس اور 3 سو ریسکیو موٹر بائیک ہائی الرٹ رہیں، جبکہ کسی بڑی ایمرجنسی کو ڈیل کرنے کے لئے 2 اسپشلائزڈ ہائی ٹیک اسنارکل اور 42 فائر و ریسکیو وہیکل متعین کی گئی تھیں ۔ 

پانی کی فراہمی کیلئے ٹیمیں تشکیل 

محرم الحرام کے دوران پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام واسا ایجنسیوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق تمام واسا ایجنسیاں جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری تعینات کریں گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے اس حوالے سے احکامات جاری کر دئیے، کہنا ہے کہ واٹر سپلائی کا نظام،تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز کو فعال رکھا جائے۔ مون سون ریلیف کیمپوں میں عملہ کی موجودگی 24 گھنٹے یقینی بنائی جائےگی۔

بہترین صفائی انتظامات

 نویں محرم الحرام کی مناسبت سے شہر بھر میں صفائی آپریشن جاری ہے، مجالس اور جلوس کے راستوں پر ایل ڈبلیو ایم سی آپریشن ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ 

نثار حویلی سے برآمد نویں محرم الحرام کےمرکزی جلوس کے راستوں پر بہترین صفائی انتظامات کیے گئے ہیں۔ لکڑمنڈی، مین بازار ،موچی گیٹ میں ورکرز مینوئل سویپنگ ،ویسٹ کلئیرنس میں مصروفِ عمل ہیں۔ اس کے علاوہ مغل حویلی،طویلہ نواب صاحب اور محلہ شیعاں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔