ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران اسرائیل جنگ کا چوتھا دن؛ اسرائیل کا ایک تہائی میزائل لانچر تباہ کرنے کا دعویٰ

 Iran Israel war, city42
کیپشن: تہران کے مضافاتی علاقہ میں اسرائیلی حملہ کے بعد ایک جگہ سے آگ کا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

سٹی42:  اسرائیل ایران جنگ کے چوتھے دن، اسرائیلی فوج نےایک بار پھر دعویٰ کیا کہ تہران اور وسیع ایرانی علاقوں کی فضا پر اس کا کنٹرول ہے۔

اسرائیل نے پیر کے روز  کہا کہ اس نے وسطی ایران میں زمین سے سطح پر مار کرنے والے 120 سے زیادہ میزائل لانچروں کو تباہ کر دیا ہے، جو کہ ایران کے میزائل لانچروں کی کل تعداد کا ایک تہائی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے تہران میں 10 کمانڈ سنٹرز کو نشانہ بنایا ہے جن کا تعلق ایران کی قدس فورس سے ہے، جو اس کے پاسداران انقلاب کا ایک ایلیٹ بازو ہے جو ایران سے باہر فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کرتی ہے۔ 

"اس وقت، ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے تہران کے آسمانوں پر مکمل فضائی برتری حاصل کر لی ہے،" فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے کہا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملے "ایرانی خطرے کے لیے ایک گہرا اور جامع دھچکا ہیں۔"


اسرائیل کے حملوں کے بعد پہلی رات کو  ایران نے اسرائیل کے شہروں پر دو سو  سے کم بیلسٹک میزائل فائر کئے تھے، دوسری رات کو  بھی ایران نے اسرائیلی شہروں پر تقریباً دو سو میزائل فائر کئے تاہم کل اتوار اور پیر کی درمیانی رات ایران سے فائر کئے جانے  والے بیلسٹک میزائلوں کی تعداد  میں ڈرامائی کمی آئی اور ان کی تعداد سو کے لگ بھگ نوٹ کی گئی۔

کل رات کے حوالے سےخود ایران نے اعلان کیا کہ اس نے تقریباً 100 میزائل داغے ہیں اور اپنے فوجی اور جوہری انفراسٹرکچر پر حملوں کے ردعمل میں مزید جوابی کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں جمعہ سے اب تک ملک میں کم از کم 224 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل نے ایران پر حملوں کے لئے زیادہ تر اپنی ائیر فورس کے طیاروں پر انحصار کیا ہے تاہم اس نے مخصوص ملٹری ٹارگٹس پر  370 سے زیادہ میزائل اور سینکڑوں ڈرون داغے ہیں۔

اسرائیل اور ایران کا تازہ ترین تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے ایران کے اعلیٰ فوجی رہنماؤں، یورینیم کی افزودگی کے مقامات اور جوہری سائنسدانوں پر حملہ شروع کیا۔

تہران کا مؤقف ہے کہ وہ نیوکلئیر ہتھیار نہین بنا رہا، نہ اس کی کوشش کر رہا ہے لیکن بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ نے بارہا خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے ایسا کرنے کا انتخاب کیا تو اس ملک کے پاس کئی جوہری بم بنانے کے لیے کافی افزودہ یورینیم موجود ہے۔

جمعہ کی رات اسرائیلی ائیر فورس کے ایرانی نیوکلئیر تنصیبات اور فوجی قیادت کے ٹھکانوں پر حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے۔ آگے پیچھے ہونے والے واقعات نے ملکوں کے درمیان ہمہ گیر جنگ کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے اور اس خطے کو، جو پہلے ہی کنارے پر ہے، اور بھی بڑی ہلچل کی طرف دھکیل دیا ہے۔