سٹی42: ایران فوری طور پر اسرائیل اور امریکا کو اشارہ دے رہا ہے کہ وہ مذاکرات چاہتا ہے اور دشمنی کا خاتمہ چاہتا ہے۔
امریکہ کی لیڈنگ نیوز آؤٹ لیٹ وال اسٹریٹ جرنل نے پیر کو (امریکی) حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران فوری طور پر یہ اشارہ دے رہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام پر جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کا خواہاں ہے، وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایران عرب ثالثوں کے ذریعے اسرائیل اور امریکہ کو پیغامات بھیج رہا ہے۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ ایران کی طرف سے جنگ بند کرنے کے اشاروں کی خبر اس وقت سامنے آ رہی ہے جب تہران میں ایرانی میڈیا آج شب اسرائیل کے شہروں پر زیادہ بڑے پیمانے پر میزائل حملوں کی پیشگی وارننگ تسلسل کے ساتھ نشر کر رہا ہے۔
رپورٹ میں حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ تہران نے عرب حکام سے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک مذاکرات کی میز پر واپس آنے کے لیے تیار ہوں گے جب تک امریکہ خود جنگ میں شامل نہیں ہوتا۔
انٹرنیشنل نیوز ایجنسی روئیٹرز کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق انہوں (عرب ثالثوں) نے اسرائیل کو پیغامات بھی بھیجے کہ تشدد پر قابو پانا دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے۔
انٹرنیشنل نیوز ایجنسی روئیٹرز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ایران نے مبینہ طور پر عرب حکام سے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو تیز کر سکتا ہے اور اگر امریکہ کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے تو وہ جنگ کا دائرہ وسیع کر سکتا ہے۔
رائٹرز نے یہ خبر ریلیز کرتے ہوئے اس مین اپنی طرف سے یہ جملہ بھی شامل کیا کہ روئیٹرز فوری طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکا۔