ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

  پاسدارانِ انقلاب کے ایک اور اہم اہلکار کو مارنے کا اسرائیلی دعویٰ

IDF, Times of Israel, Bahnam Shaheryari, City42, Western Iran, Iran Israel War
کیپشن: اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس ویڈیو میں آج 21 جون 2025  کو دن کے اوائل میں مغربی ایران میں IRGC کے اہلکار بہنام شہریاری پر حملہ دکھایا گیا ہے۔ سکرین شوٹ ٹائمز آف اسرائیل سے لیا گیا

 سٹی42: اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب ( IRGC)  قدس فورس کا ایک سینیئر اہلکار بہنم شہریاری، مغربی ایران میں رات گئے اسرائیلی فضائی حملے میں مارا گیا۔

بہنم شہریاری نے قدس فورس کے یونٹ 190 کی سربراہی کی، جو ایران کے حامی گروپوں بالخصوص حزب اللہ کو ہتھیاروں کی خفیہ منتقلی کے لیے ذمہ دار ہے۔

آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ بہنم شہریاری کو  اسرائیل سے 1000 کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر ایک کار میں سفر کرتے ہوئے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل 2009 سے شہریاری کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

یونٹ 190 لبنان میں حزب اللہ، غزہ میںایران کے حامی  فلسطینی گروپوں اور یمن میں حوثیوں کو مسلح کرنے کے لیے ایران کی کوششوں کا انچارج رہا ہے۔

آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ "اپنے کردار کے ایک حصے کے طور پر، بہنم شہریاری ایرانی حکومت سے تمام ہتھیاروں کی مشرق وسطیٰ میں تنظیموں کو منتقلی کا ذمہ دار تھے اور کئی سالوں تک کئی تنظیموں کو مسلح کرنے کے لیے کام کرتے رہے  تاکہ ایرانی حکومت کے اسرائیل کی ریاست کو تباہ کرنے کے منصوبے کو براہ راست آگے بڑھایا جا سکے۔"

 "شہریاری نے حزب اللہ اور حماس کے ساتھ ساتھ حوثی ملیشیا اور دیگر گروپوں کے ساتھ براہ راست کام کیا، متعدد میزائل اور راکٹ فراہم کیے جو جنگ کے دوران اسرائیلی سرزمین پر فائر کیے گئے تھے۔"

ہتھیاروں کے علاوہ، IDF کا کہنا ہے کہ شہریاری "فرنٹ کمپنیوں، کرنسی ایکسچینجز اور منی کوریئرز کے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے، ترکی اور لبنان میں اپنے منفرد رابطوں کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کو سالانہ کروڑوں ڈالر کی منتقلی کی نگرانی کرتے تھے۔"

آئی ڈی ایف نے شہریاری کے مارے جانے کو اپنی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  قتل "جنگ کے دوران IDF کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھانے کے بعد اسرائیل کی ریاست کے آس پاس موجود دہشت گرد تنظیموں کی دوبارہ مسلح ہونے کی صلاحیت کے لیے ایک شدید دھچکا ہے۔"

ٹائمز آف اسرائیل اور دوسری میڈیا آؤٹ لیٹس نے  IDF کی ایک ویڈیو کلپ شئیر کی ہے جس میں ایک سڑک پر ایک گاڑی کو تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس گاڑی کے نشانہ بننے کے بعد دوسری گاڑی میں موجود لوگ اس گاڑی کے مسافر کی صورتحال کو دیکھنے  کے لئے آتے بھی دیکھے گئے۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس ویڈیو میں آج 21 جون 2025  کو دن کے اوائل میں مغربی ایران میں IRGC کے اہلکار بہنام شہریاری پر حملہ دکھایا گیا ہے۔