ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیل کا حماس کو فنڈز دینے والے ایرانی کمانڈر کو مارنے کا دعویٰ

Saeed Izadi assassinated, IRGC Qudas Force, Pasdaran e Inqalab, Qum City, IAF Air strike City42

سٹی42: اسرائیل نے حماس کو 7 اکتوبر  2023 کے حملوں کے لئے فنڈز اور اسلحہ دینے والے ایرانی کماندڑ کے بھی مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل کے وزیر کاٹز نے دعویٰ کیاہے کہ ایران میں حالیہ حملے میں پاسدارانِ انقلاب (IRGC) وہ  کمانڈر مارا گیا جس نے حماس کو 7 اکتوبر سے پہلے فنڈز دیئے تھے اور حملے کے لئے درکاراسلحہ بھیجا تھا۔ 
7 اکتوبر  2023 کو اسرائیل کے جنوبی  دیہات اور سرحدی چوکیوں پر حماس کے اچانک حملے سے بارہ سو افراد مارے گئے تھے، ڈھائی سو اغوا ہو کر یرغمال بن گئے تھے اور اسی روز اسرائیل نے غزہ پر حملہ کر کے وہ خونیں جنگ شروع کر دی تھی جس سے  غزہ تباہ و برباد ہو گیا اور بعض اندازوں کے مطابق ساٹھ ہزار فلسطینی جاں بحق ہو گئے جن میں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ اس ہی جنگ سے جنگ میزد بڑھی اور لبنان میں حزب اللہ بھی اسرائیل کے حملوں کا نژانہ بن گئی، حزب اللہ کی عسکری اور سیاسی قیادت کی  پہلی تین صفوں کا صفایا ہو گیا اور اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر پہلا براہ راست حملہ کیا جس سے ایران اسرائیل موجودہ جنگ کی بنا پڑی۔
اسرائیل کےوزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اب دعویٰ کیا ہے کہ IRGC  قدس فورس میں فلسطینی ڈویژن کے سربراہ سعید ایزادی ایران کے شہر قم میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔

کاٹز  نے بتایا کہ سعید ایزدی نے 7 اکتوبر  2023 کے قتل عام سے پہلے حماس کو فنڈ ز دیئے تھے اور مسلح کیا تھا۔

کاٹز نے لکھا "اسرائیلی انٹیلی جنس اور اسرائیلی فضائیہ کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی۔ مقتولین اور یرغمالیوں کے لیے انصاف ۔ اسرائیل کا لمبا بازو اپنے تمام دشمنوں تک پہنچ جائے گا" ۔

اس سال کے شروع میں، کاٹز نے ایک انٹیلی جنس دستاویز کا انکشاف کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ حماس کے اس وقت کے رہنماؤں یحییٰ سنوار اور محمد ضیف نے جون 2021 میں ایران کی IRGC قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی کو ایک خط بھیجا تھا، جس میں 27 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرنے کے منصوبوں کی حمایت کی درخواست کی گئی تھی،  یہ حملے پھر  7اکتوبر کو انجام پائے۔

کاٹز نے اس وقت بتایا تھا، "دستاویز میں، انہوں (حماس کے رہنماوں) نے [اسلامی] پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر سے اسرائیل کی ریاست کو تباہ کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔"

ایزدی نے "اس درخواست کو قبول کیا اور انہیں جواب دیا کہ ایران، اپنی مشکل اقتصادی صورتحال اور ایرانی آبادی کی حالت زار کے باوجود، حماس کو رقم فراہم کرتا رہے گا، کیونکہ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف جدوجہد ایرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے،"۔

آج کاٹز نے اعلان کیا کہ  یحیٰ سنوار کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کرنے والے قدس فورس (پاسداران) کے کمانڈر کو قم میں ان کے گھر میں مار دیا گیا ہے۔ کاٹز نے اس اسیسینیشن کے لئے کئے گئے حملے کی نوعیت کے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
آج اسرائیل کی فوج نے بتایا  کہ آئی اے ایف کے  جیٹ طیارے ایرانی فوجی مقامات پر حملوں کی تازہ لہر کو انجام دے رہے ہیں۔