سٹی42: پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج سے لے کر آئندہ تین دنوں کے دوران ملک کے کئی حصوں میں تھنڈر سٹارم آنے، آندھیاں چلنے اور بارش ہونے کی فورکاسٹ کی ہے۔
آج جمعہ کا دن جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں گرم ترین دنوں میں سے ایک تھا۔ بھکر میں ٹمپریچر 48 ڈگری سیلسئیس، اور نور پور تھل میں 46ڈگری تک پہنچ گیا۔ بلوچستان کےسبی ، دالبندین میں 47،تر بت میں 46 ڈگری سیلسئیس تک گیا۔ سندھ کے شہر خیر پور میں 46سینٹی گریڈ ٹمپریچر ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں آج نسبتاً کم گرم دن تھا۔ کل ہفتے کے روز بھی موسم کم گرم ہو گا، ٹمپریچر 39 ڈگری تک جائے گا لیکن ہوا چلتی رہے گی۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ نے لاہور میں بھی تھندر سٹارم آنے کا امکان بتایا ہے لیکن سٹی42 کا اندازہ ہے کہ یہ امکان انتہائی کم ہو گا۔
معمول کی فورکاسٹ میں میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ا سلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا لیکن اس دوران آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا ساٹھ فیصد امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر ا ضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تا ہم ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ ،شانگلہ،کوہستان،پشاور،صوابی،مردان،باجوڑ،مہمند،خیبر،اورکزئی، وزیر ستان ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور گردونواح میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران میں چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔تاہم بالائی/مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات ،راولپنڈی ،جہلم،میانوالی،سرگودھا،فیصل آباد،جھنگ،سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ملتان،بہاولپور،ڈی جی خان اور گردونواح میں آندھی/جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی/مشرقی اضلاع میں شدید گرم رہنے کا خدشہ ہ۔ اس دوران تیز /گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سندھ میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ بالائی /وسطی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گر م رہنے کا امکان ہے تا ہم جنوب مشرقی اضلاع نگر پارکر،مٹھی، اسلام کوٹ میں کہیں کہیں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
