سٹی42: آج اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہوگئے۔
تھنڈر سٹارمز سے دس افراد جاں بحق
ریسکیو اداروں نے آج پنجاب کے کئی علاقوں میں آنے والے تھنڈر سٹارمز سے ہونے والے ھادثات میں دس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
پہلے پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں تھنڈر سٹارمز سے سات افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ جانی نقصان جہلم میں ہوا جہاں تین جانیں طوفان سے ہونے والے حادثات کی نذر ہو گئیں۔
راولپنڈی میں ایک شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ میں ایک ایک شخص تھنڈر سٹارم سے ہونے والے حادثات میں مارا گیا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ یہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور طوفان کے دوران غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں۔
طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
اسلام آباد میں ژالہ باری، بارش کا پانی گھروں میں گھس گیا
اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، ژالہ باری بھی ہوئی۔ شہر کے قدیم سیکٹر جی سکس ٹو، آب پارہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ شہر کی کئی کچھی آبادیوں، فرانسس کالونی، چھیاسٹھ کوارٹرز، اڑتالیس کوارٹرز میں بارش سے نالے میں طغیانی کی صورتحال ہو گئی اور نالے کا پانی کچی آبادیوں کے گھروں میں چلا گیا۔
راولپنڈی میں نالہ لئی چڑھ گیا
راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی تاہم بارش رک جانے کی وجہ سے نشیبی آبادیوں میں سیلابی صورتحال خطرناک نہیں ہوئی۔
لاہور میں ڈسٹ سٹارم اور تھنڈر سٹارم سے بھاری مالی نقصانات
لاہور میں آج ہفتہ کی شام پہلے ڈسٹ سٹارم آیا، پھر کئی علاقوں میں تھنڈر سٹارم آئے۔ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث پورے شہر کی بجلی بند ہوگئی۔ کئی درخت جڑوں سے اکھڑگئے، قذافی سٹیڈیم کے کئی بوتھ اڑگئے، فلڈ لائٹس کے پول گرگئے جس کی وجہ سے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس منسوخ کردی گئی۔
چکوال میں تھنڈر سٹارم
چکوال میں آج شام تھنڈر سٹارم کے باعث کلر کہار کے قریب موٹر وے ایم ٹو کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑ گیا۔
گجرات میں تھنڈر سٹارم
گجرات شہر اور نواحی علاقوں سمیت وسیع علاقہ میں آج شام تھنڈر سٹارم سے بہت سے گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچا، کئی ہورڈنگ بورڈوں کو نقصان پہنچا، تاہم اب تک کہیں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، میانولی اور سیالکوٹ میں تھنڈر سٹارم سے جانی نقصانات
شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، میاں والی اور سیالکوٹ میں تھنڈر سٹارم کے دوران چلنے والی طوفانی ہواؤں سے ہونے والے حادثات میں تین افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان شہروں میں گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پینل اور ڈش انٹینے اڑ کر ادھر ادھر جا گرنے کی بھی اطلاعات رپورٹ ہوئی ہیں۔ کئی کمزور گھوں کی دیواریں ر آندھی کے بے پناہ دباؤ سے گر گئیں۔
ملتان، حافظ آباد، گوجرانوالا، اٹک میں تھنڈر سٹارم سے نقصانات
ملتان، حافظ آباد، گوجرانوالا، اٹک اور سیالکوٹ میں بھی آندھی چلی، جس سے دن میں رات کا منظر ہوگیا، مختلف شہروں میں متعدد مقامات پر سولر پینل اڑگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صوبے میں آندھی و طوفان میں 10شہری جاں بحق اور 51 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج ہونے والی اموات بوسیدہ مکانات کےگرنے اور غیرمحفوظ مقامات پر ہونےکے باعث ہوئیں۔ لاہور میں درختوں کےگرنے اور سولرپینلز کو نقصان کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں تھنڈر سٹارم
پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ پشاور میں مٹی کا طوفان آیا تو مالا کنڈ، ایبٹ آباد، مردان، چارسدہ اور مانسہرہ سمیت مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔