سٹی 42 : طوفانِ باد و باراں کے باعث کراچی سے لاہور کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی.
شدید بارش اور موسمی خرابی کی وجہ سے 22 علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کو دشواری کا سامنا ہے ۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پہنچی دو پروازوں کو کراچی موڑ دیا گیا، کراچی سے لاہور پہنچی ایف ایل 842 نئے رن وے ٹچ کیا تو طوفان کی زد میں آگئی، جس کے بعد پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر پرواز کا رخ دوبارہ کراچی ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔
اسلام آباد سے لاہور پہنچی پرواز پی کے 6385 بھی کراچی منتقل کر دی گئی۔ اس کے علاوہ شدید طوفان کے باعث کراچی کی 2 پروازیں پی کے 305، پی اے 405 بھی تاخیر کا شکار ہوگئیں ۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دیگر پروازوں کی شیڈولنگ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں لاہور اور گرد و نواح میں مزید آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے، جس کے باعث فلائٹ آپریشن میں تاخیر یا تبدیلی متوقع ہے۔