ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عاشور کے بعد موسم کی فورکاسٹ؛ بارش برسے گی، سیلاب نہیں آئےگا

Ashura, Ashur day, Lahore weather, weather update, thunderstorm forecast, storm, urban flooding, city42

وسیم عظمت: سٹی42 کی کہ ہفتہ کی رات  پونے دس بجے پوسٹ کی گئی فورکاسٹ صحیح نکلی اور لاہور میں عاشور کی صبح  اذان علی اکبر سے پہلے بارش برس گئی، پنجاب کے کئی دوسرے شہروں میں بھی بارش ہوئی اور عاشور کے دن موسم بہت بہتر رہا۔ آج شب اور کل پیر کے روز کے لئے  سٹی42  کی فورکاسٹ یہ ہے کہ لاہور میں رات کو موسم خوشگوار رہے گا، علی الصبح  ایک بار پھر بادل آنے اور ہلکی بارش کا امکان ہو گا۔

اس بارش سے شہر میں سیلاب آنے کا کوئی خدشہ نہیں، اگر کوئی موٹر خراب نہ ہوئی تو تمام انڈر پاس بھی معمول کے مطابق قابلِ استعمال رہیں گے۔ پنجاب کے وسیع ایریا میں پیر کی صبح معمولی تھنڈر سٹارمز کا امکان ہے، 

آج رات اور پیر کی صبح۔۔۔

 راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال،لاہور،شیخوپورہ،قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ،اوکاڑہ ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں معمولی تھنڈر سٹارم آ سکتے ہیں جو محض کچھ دیر کیلئے ہوں گے۔   بعض جگہوں پر جم کر کچھ دیر کے لئے جم کر بارش ہو سکتی ہے تاہم کسی بھی سیلابی صورتحال کا کوئی امکان نہیں۔

راولپنڈی میں سیلاب کا خطرہ؟

مارگلہ کے پہاڑوں میں مسلسل پانچ گھنٹے تک تیز بارش ہو تو  اسلام آباد کے نالوں اور راولپنڈی شہر کے درمیان سے گزرنے والے لئی نالہ اور اس کے معاون نالوں میں پانی بڑھ جاتا ہے، اسلام آباد میں بعض نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس سست ہو جاتا ہے جس سے ان علاقوں میں سڑکیں پانی میں وقتی طور پر ڈوب جاتی ہیں، نالوں سے بارش کا اضافی پانی نکلتے ہی نشیبی علاقوں سے پانی از خود نکل کر نالوں میں جانے لگتا ہے۔

مسلسل بارش ہوتی رہے تو راولپنڈی میں شہر کا پانی کینٹ کی نشیبی آبادی گوالمنڈی اور بعض ملحقہ آبادیوں کی سڑکوں، گلیوں میں جمع ہو جاتا ہے، اونچے نیچے ٹیلوں پر آباد راولپنڈی شہر کے بعض دوسرے نشیبی محلوں میں بھی جب نالے بھر جائیں تو ان علاقوں کا بارش کا اپنا پانی نالوں میں نہیں جا پاتا اور کچھ دیر کے لئے گلیوں دو ڈھائی فٹ تک پانی میں ڈوب سکتی ہیں۔ اس دوران بارش کا زور کم ہو جائے تو پانی کا نکاس از خود شروع ہو جاتا ہے۔ بارش مسلسل پانچ گھنٹے تک رہے تو  نالوں کے کناروں پر نشیبی آبادیوں میں پانی گھروں کے اندر تک جاتا ہے، ندیم کالونی، آریہ محلہ کی بعض نیچی گلیوں میں مری روڈ سے جانے والا پانی مل کر اتنا بڑھ جاتا ہے کہ گھروں میں چار پانچ فٹ تک پانی جمع ہو جاتا ہے جسے سیلاب تصور کیا جاتا ہے۔ بارش رکنے کے بعد یہ پانی کچھ گھنٹوں سے ایک دن تک کے دورانیہ میں نکل جاتا ہے تاہم گھروں میں موجود سامان کو بروقت نہ ہٹایا جائے تو نقصان ہوتا ہے۔

آج کل اور پرسوں ہونے والی ممکنہ بارشوں کے دوران نالہ لئی میں سیلاب آنے کا خطرہ موجود ہے لیکن یہ بہرحال مسلسل پانچ گھنٹے تیز بارش ہونے پر منحصر ہے۔ اس کا کل پیر کے روز امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

یومِ عاشور کیلئے سٹی42 کی فورکاسٹ جو صحیح ثابت ہوئی

 کل ہفتے کی شب  9:43 پر پوسٹ کی گئی: "لاہور کے عزاداروں کے لئے آج صبح ابر رحمت شہر کے آسمان پر نمودار ہو گا۔ اذانِ علی اکبر کے وقت زیادہ امکان ہے کہ کہیں کہیں ہلکی بارش ہو جائے گی۔ پنجاب کے کئی دوسرے شہروں میں بھی عاشور کے دن آسمان پر بادل رہیں گے۔ کہیں کہیں معمولی تھنڈر سٹارم آئیں گے اور کہیں کہیں مختصر وقت کے لئے بارش کی بوچھاریں پڑیں گی۔

موسم  کے سٹوڈنٹس کی فورکاسٹ کے مطابق آج رات دیر گئے لاہور کا آسمان بادلوں سے ڈھک جائے گا اور علی اکبر کی اذان کے وقت اور اس کے بعد شہر کے کچھ علاقوں میں بارش کی کچھ بوندیں ضرور پڑ جائیں گی جس کا اثر دن بھر رہے گا۔ "

لاہور میں آج کم گرم دن

آج بارش خواہ معمولی ہی ہو، اس کے سبب اور آسمان پر بادل موجود رہنے کے سبب ماحول میں حدت قدرے کم رہے گی تاہم رطوبت زیادہ ہونے کی وجہ سے ہوا نہ چلنے کے وقت حبس کا احساس ہو سکتا ہے۔

آج  رات ٹمپریچر  28 ڈگری تک رہے گا اور  عاشور کے دن دوپہر دو بجے کے لگ بھگ زیادہ سے زیادہ ٹمپریچر  34 ڈگری سیلسئیس ہو سکتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ عاشور لاہور کی حد تک کم گرم دن ہو گا۔

پنجاب کے کئی شہروں میں بادل، تھنڈر سٹارم کا امکان

 راولپنڈی، اسلام آباد، ، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال،لاہور،شیخوپورہ،قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اوراوکاڑہ، اس کے ساتھ ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ننکانہ صاحب، فیصل آباد ، خوشاب، سرگودھا، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان میں  عاشورہ کے دن صبح کے وقت کہیں کہیں معمولی نوعیت کے تھنڈر سٹارم ہو سکتے ہیں جن کے دوران تھوڑی بارش برسے گی اور موسم کی حدت کم ہو جائے گی۔ مری اور نتھیا گلی، جھیکا گلی کے علاقوں میں بھی بادل رہیں گے، اس کے ساتھ علی الصبح تھنڈر سٹارم کا کچھ امکان ہو گا، دن کے دوران بادل کم بھی ہوئے تو بھی گرمی کی شدت کم رہے گی۔

زیادہ بارش کا امکان کہاں کہاں

 کل عاشور کے دن  اور اس کے بعد 7 جولائی کو   موسلا دھار/ شدیدموسلادھار بارش کے باعث مری، نتھیا گلی، جھیکا گلی، ملحقہ علاقوں مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں  بر ساتی  نالوں میں  پانی بڑھ سکتا ہے۔ 

 اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور  میں بھی بارش سے بعض نشیبی علاقوں میں سڑکیں کچھ دیر کے لئے پانی سے بھر سکتی ہیں۔

لاہور میں آئندہ چار دن بادل، تھنڈر سٹارم کا امکان

موسم کے سٹوڈنٹس کو گمان ہے کہ آئندہ چار دن تک لاہور میں گرمی کم رہے گی، آسمان پر بادل رہیں گے، روزانہ رات کے آخری پہر سے علی الصبح تک معمولی بارش، ہلکے تھنڈر سٹارم کا امکان رہے گا۔ بارش ہو نہ ہو  دن میں گرمی کی شدت بہرحال کم رہے گی۔

Caption