سٹی42: بھارتی کرکٹ ٹیم نے کرکٹ کے میدان کو پروپیگنڈا، نفرت اور تعصب پھیلانے کا میدان بنا ڈالا۔ ایشیا کپ کے باوقار ایونٹ کی ٹرافی دینے کی تقریب جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دیئے بغیر ختم ہو گئی۔بی سی سی آئی نے اے سی سی کو باضابطہ طور پر ٹرافی نہ لینے کے بارے آگاہ کیا اور ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی گئی ۔ ایشئین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے اختتامی تقریب میں رنر اپ ٹیم کے کیپٹن کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کیش ایواڈ دیا اور تقریب ختم کر دی گئی۔
ایشئین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کرکٹ دشمن رویہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اب ایشیا کپ2025 کی ٹرافی بھارت نہیں جائے گی۔
چھ سے دس مئی کی جنگ میں بھارت کی جارحیت کے بعد خود بھارت کی ہی شرم ناک شکست سے بوکھلائے ہوئے بھارت کی کرکٹ ٹیم کرکٹ کا تماشا بنانے کے لئے بےشرمی کی آخری حد بھی پھلانگ گئی۔ بھارتی بورڈ کے ایما پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ایشیا کپ کی ٹرافی لینے سے انکار کردیا ہے۔ کرکٹ کی سینکڑوں سال کی ہسٹری میں ایسی شرم ناک حرکت کی کوئی مثال موجود نہیں۔
ایشیا کپ میں بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کیپٹن اور کھلاڑیوں نے پہلے ایک میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا، اس کے بعد دو مزید میچوں میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا، اب کرکٹ کا تماشا بناتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد ٹرافی لینے سے اس لئے انکار کر دیا ہے کہ انہیں ٹرافی دینے والے ایشئین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی پاکستانی ہیں۔
کرکٹ فینز اور کرکٹرز کی کمیونٹی بھارت کی اس حرکت پر سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے، بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس حرکت کی وجہ سے بھارت کی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگا دینا چاہئے۔
ذرائع کے مطابق آج پاکستان کے ساتھ ایشیا کپ کا فائنل کھل کر بھارت کی ٹیم جیت گئی تو پاکستان کے پلئیرز نے اس شکست کو خندہ پیشانی سے تسلیم کیا اور باوقار انداز سے میدان سے واپس گئے۔
میچ ختم ہونے کے بعد طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ایشیا کپ کی گرینڈ تقریب ہونا تھی جس میں آج فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کے کیپٹن کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی س نے ٹرافی عطا کرنا تھی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایما پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کیپٹن اور کھلاڑیوں نے ٹرافی لینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع بتا رہے ہیں کہ کرکٹ کی اس کھلی توہین کو ایشیائی کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے سنجیدگی سے لیا ہے اور اصرار کیا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تقریب میں ہی دی جائے گی ورنہ نہیں دی جائے گی۔
بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں فائنل تقریب تاخیرکا شکار رہی، آخر کار یہ تقریب ٹرافی دیئے بغیر مکمل کی گئی۔
ٹرافی اب کسی کو نہیں ملے گی
اب صورتحال یہ ہے کہ ایشیا کپ ایونٹ تو ختم ہو گیا ہے لیکن ٹرافی کسی کو نہیں ملی۔
ایشئین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بھارتی ٹیم کو ٹرافی ملنے کا امکان نہیں ہے، ایشیا کپ کی انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی مہمانِ خصوصی ایشئین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہ تو میڈلز ملے اور نہ ہی چیمپئن کا بورڈ دیا گیا۔
اپنی تعصب بھری حرکت کے بعد بھارتی ٹیم نے ٹرافی اور چیمپئن کے بورڈ کے بغیر تصاویر بنوائیں۔
بھارتی میڈیا کی تعصب بھری رپورٹیں
بعد میں سامنے آنے والی بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ بھارتی ٹیم تو اب تک گراؤنڈ میں موجود ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹرافی لے کر جائیں گے جب کہ اسٹیڈیم کی لائٹس بھی بجھادی گئی ہیں۔
حقیقت وہ ہے جو دنیا بھر میں ایشئین کرکٹ کونسل کی ایشیا کپ2025 کی ترافی دینے کی تقریب کی براہ راست نشر کی جا رہی فوٹیج میں دنیا کے کروڑوں لوگوں نے دیکھی۔ ایشئین کرکٹ کونسل کے صدر اور دوسرے معزز مہمان سٹیج پر کھڑے اندین کیپٹن کے ٹرافی لینے کے لئے آنے کا انتظار کرتے رہے ہیں وہ نہیں آیا۔
ساتھی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کے بعد بھارتی بورڈ کے ایما پر بھارتی ٹیم کی آج شب کی ہٹ دھرمی کا ایشئین کرکٹ کونسل نے زیادہ سختی سے نوٹس لیا ہے۔ بھارتی ٹیم کے کیپٹن نے ٹرافی لینے سے صرف اس لئے انکار کیا کہ صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی پاکستانی ہیں۔
صدر اے سی سی بھی ڈٹ گئے
بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تو صدر اے سی سی محسن نقوی بھی اپنے فیصلے پر ڈٹ گئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ٹرافی دی ہی نہیں جائے گی۔ ذرائع بتا رہے ہیں کہ ایشئین کرکٹ کونسل اس سنگین وائلیشن پر تادیبی کارروائی کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔
بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل تقریب تاخیرکا شکار ہوئی۔
ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم نے سپورٹس مین سپرٹ اور کرکٹ کی روایات کی کئی مرتبہ سنگین کی خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی کھلاڑیوں نے صرف یہ ہی نہیں کیا کہ تین میچوں مین حریف ٹیم کے کھلاڑیوںسے مصافحہ نہیں کیا، بلکہ بھارتی ٹیم کے کیپٹن نے ایک میچ کے دوران کرکٹ کے میچ میں اپنی جیت کو دہشتگردی سےتشبیہہ دی۔ آج فائنل میچ سے پہلے دونوں فانلسٹ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی کے ساتھ تصویر بنوانا تھی، یہ تقریب بھی بھارتی ٹیم کی کرکٹ کی تذلیل کرنے کی سوچی سمجھی پالیسی کی نذر ہو گئی۔ اس سے پہلے بھارتی ٹیم کے کیپٹن نے پاکستانی ٹیم کے کیپٹن کے ساتھ روایتی پریسر میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
کرکٹ فینز نے بھارتی ٹیم کی ان تمام حرکتوں کی سوشل پلیت فارمز پر مذمت کی لیکن آج ٹرافی لینے سے انکار کر کے تو بھارتی ٹیم نے تعصب اور کرکٹ کو سیاست کا اکھاڑہ بنانے کے مذموم سلسلہ کی تمام حدیں پار کر دیں۔






