ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو روایتی حریف سے شکست ہو گئی

Asia Cup Final, Rinku Singh, Pakistan Vs India, Asia Cup 2025 Points Table, City42, Pakistan vs India, Dubai stadium , Super Four round, Pakistan vs India , Salman Agha

سٹی42: ایشیا کپ کے دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کو روایتی حریف سے 5 وکٹوں سے شکست ہو گئی۔
  پاکستان کے  صاحبزادہ فرحان  نے 38 گیندوں سے 57 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کے کیچ آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان کے سوا پاکستان کے دوسرے بیٹر  بڑا سکور نہ کر سکے۔ پاکستان نے 19.1 اوورز میں تمام وکٹیں گر جانے کے سبب اننگ تمام کی تو پاکستان کا سکور  146 رنز تھا۔ 

بھارت کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں یہ ہدف عبور کر کے میچ جیت لیا۔
بھارت  نے  نویں مرتبہ ایشیا کپ جیتا ہے تاہم  ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور  بھارت فائنل میں آج آمنے سامنے آئے۔ 

 بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی بیٹنگ
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صاحبزادہ فرحان تھے جنہوں نے 38 گیندوں سے 57 رنز کی اننگز کھیلی اور 84 کے مجموعی اسکور پر  ورون کی گیند پر کیچ  آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے صائم ایوب 113 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر کلدیپ کا شکار بنے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بیٹرز کی لائن لگ گئی اور باقی 8 کھلاڑی صرف 33 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

 صائم ایوب کے بعد محمد حارث بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 126 کے اسکور پر فخر زمان بھی ورون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 35 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ 131 کے اسکور پر حسین طلعت بھی آؤٹ ہوگئے، وہ صرف ایک رنز بناسکے۔

ان کے بعد سلمان آغا بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز  بنائے آؤٹ ہوئے۔حارث رؤف اور محمد نواز نے 6،6 رنز بنائے۔

بھارت کی باؤلنگ

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ بمراہ، ورون اور اکثر پٹیل نے 2،2 وکٹیں لیں۔

بھارت کی بیٹنگ
 بھارت کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں گری جب ابھیشک شرما فہیم اشرف کی گیند پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی دوسری وکٹ 10 کے اسکور پر گری جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو ایک رنز بنا کر شاہین کا شکار بنے۔

20 کے مجموعی اسکور پر شبمن گل بھی 12 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔77 کے مجموعی اسکور  پر سنجو سیمسن 24 رنز بنا کر ابرار کا شکار بنے۔

 بھارت کی پانچویں وکٹ 137 رنز پر گری جب شیوام دوبے 33 رنز بنا کر فہیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تلک ورما نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 69 رنز بنا کر  بھارت کو جتانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

پاکستان کی باؤلنگ

 فہیم اشرف نے 3 وکٹیں لیں، شاہین  اور ابرار نے ایک ایک وکٹ لی۔ حارث رؤف کو آج ساڑھے تین اوورز میں سب سے زیادہ  46 رنز پڑے۔ 

فائنل کے لیے پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔  ٹیم میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، محمد حارث، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور  ابرار احمد شامل تھے۔

بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہردک پانڈیا انجری کے باعث فائنل سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ  رنکو سنگھ کو شامل کیا گیا۔ آج وننگ سٹروک اسی کھلاڑی نے لگایا۔