ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضمنی الیکشن؛ قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری، کون آگے کون پیچھے؟جانیے

ضمنی الیکشن؛ قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری، کون آگے کون پیچھے؟جانیے

سٹی 42 : قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح8سےشام5بجے تک جاری رہا.

 قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں پولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 79 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفر گڑھ کی نشستوں پر بھی اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے عوام نے ووٹ ڈالا۔

این اے 18

 این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں 9 امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کےعمر ایوب کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

 ضمنی الیکشن کے سب سے بڑے انتخابی دنگل این اے 18ہری پور کے 50پولنگ سٹیشنز کے نتائج سامنے آ گئے۔

  غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزادامیدوار شہرناز9894ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کے بابرنواز9472ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

 این اے 96 

 این اے96 کے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ، پیپلزپارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 16 امیدوار مدمقابل ہیں، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار 133 جبکہ خواتین ووٹرز2 لاکھ 72 ہزار 991 ہے۔

 این اے 104

 این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید سمیت پانچ امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کے حلقے میں کل 5 لاکھ 57 ہزار 637 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

 این اے 129

 قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ محمد نعمان، آزاد امیدوار بجاش خان نیازی اور ارسلان احمد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، حلقے میں مجموعی طور پر 3 سو 34 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گے ہیں جبکہ 70  پولنگ سٹیشنز مرد و خواتین کے مشترکہ ہوں گے، این اے 129 کی نشست میاں اظہر کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

 سیاسی مبصرین کے مطابق این اے-129 لاہور کا ایک اہم حلقہ ہے اور یہ الیکشن بھی اہم ہے کیونکہ یہ شہر کے مرکزی حلقوں پر مشتمل ہے، یہاں کی جیت کا براہ راست تعلق لاہور کی مجموعی سیاسی سمت سے ہوتا ہے۔

 این اے 142

 قومی اسمبلی کے حلقے این اے 142 ساہیوال میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے۔

  این اے 142 ساہیوال کے 38 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حمتی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طفیل 13100 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر 918 ووٹ کے ساتھ پیچھے ہیں۔

 این اے 143

 این اے 143 پنجاب کے شہر ساہیوال کا تیسرا بڑا حلقہ ہے اِس میں بھی مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ے، حلقے میں رجسٹر ووٹرز کی تعداد 584,698 ہے۔

 این اے 185

 این اے 185 میں مسلم لیگ ن کے مقابلے میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار میدان میں اُتارا ہے اس حلقے میں مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی اور جےیوآئی کے امیدواروں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔

 ڈیرہ غازی خان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 185میں ن لیگ کے امیدوار آگے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں۔

  این اے 185ڈی جی خان  کے 20پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے قادر لغاری 13098ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے دوست محمد کھوسہ 4752ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

 پی پی 269

 پی پی269 مظفر گڑھ میں 9پولنگ  سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے۔

  غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے میاں علمدار قریشی 3ہزار885ووٹ لے کر آگے ہیں ۔آزاد امیدوار سردار اقبال پتافی ایک ہزار258 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پرہیں۔

 سکیورٹی انتظامات مکمل

 پنجاب کے قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے، سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

 اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس، ایک ہزار 32 حساس قرار دیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

 ادھر ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ضمنی الیکشن کے باعث ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم خان نے دفعہ 144 نافذ کر دی جہاں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔