ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سینیٹ اجلاس دوبارہ شروع؛ وزیرداخلہ محسن نقوی بھی پہنچ گئے

سینیٹ اجلاس دوبارہ شروع؛ وزیرداخلہ محسن نقوی بھی پہنچ گئے

سٹی 42 : سینیٹ اجلاس وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے۔ 

سینیٹ میں ستائیسویں آئینی ترمیمی بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔یہ رپورٹ سینیٹر فاروق حامد نائک نے پیش کی ہے۔ 

سینیٹر فاروق نائک نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیمی بل میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں، کمیٹی نے وفاقی آئینی عدالت بنانے کے لیے منظور کیا ہے، جو آئینی عدالت بنے گی اس میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہوگی۔ کمیٹی نے غور و خوض کے بعد بہت ساری تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے تجویز دی کہ ہائی کورٹ کے جج کو 7 سے 5 سال کی مدت ملازمت رکھنے والے جج کو آئینی عدالت کا جج لگایا جائے گا۔ 

 سینیٹر فاروق نائک نے بتایا کہ کمیٹی نے ایک ٹیکنوکریٹ کو شامل کیا ہے، سو موٹو پاور کو رکھا ہے لیکن عمل اس وقت ہوگا جب کوئی درخواست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر آف ججز کی بھی بات ہوئی ہے، کمیٹی نے ٹرانسفر آف ججز کا طریقہ کار تبدیل کیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ذریعے ججز کا تبادلہ ہوگا۔ آٹو میٹکلی جج ریٹائرڈ نہیں ہوگا، اس کے لیے ریفرنس دائر ہوگا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ صدر کو استثنیٰ سے متعلق بل میں تجویز تھی، کمیٹی نے تبدیلی کی اگر وہ پبلک آفس ہولڈر رہا تو استثنیٰ ختم ہوگا۔

سینیٹر فیصل سبزواری نے ایوان میں اظہار خیال کیا کہ دفاع پاکستان کا مضبوط ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ترامیم جمع کرائی ہے، ابھی بھی اس میں اصلاحات کی گنجائش ہے۔ با اختیار بلدیاتی نمائندوں کا مطلب اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنا نہیں ہے۔