سٹی42: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنماسینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے۔عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر تھے اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کئی روز سے علیل تھے ۔انہیں سانس لینے میں رکاوٹ کی وجہ سے اسلام آباد کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں لایا گیا تھا جہاں انتہائی نگہداشت وارڈ میں ان کا علاج کیا جا رہا تھا.

عرفان صدیقی پاکستان کے سینئیر کالم نگاروں میں ممتاز ترین تھے، انہیں مسلم لیگ نون کے مینٹور میاں نواز شریف فرمائش کر کے سیاست میں لائے تھے۔ سیاست مین عرفان صدیقی نواز شریف کے قریبی مشیر کی حیثیت سے عرصہ دراز تک کسی عہدہ کے بغیر کام کرتے رہے، بعد میں میاں نواز شریف نے انہیں سینیٹ کا رکن منتخب کروایا۔ موجودہ سینیٹ میں سینیٹر عرفان صدیقی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ تھے۔ سیاست میں آنے کے بعد عرفان صدیقی نے بتدریج مسلم لیگ نون کے نیریٹیو سازوں کی ٹیم میں مرکزی حیثیت حاصل کر لی تھی۔
انہوں نے مارچ 2021 سے مارچ 2024 تک سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا۔
سیاست میں آنے سے قبل، وہ ایک معروف صحافی اور کالم نگار کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
ان کے انتقال پر سیاسی حلقوں اور صحافی برادری کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی قائد عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے ان کے خاندان سے اظہار ھمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔
صدر نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کیلیے دعا کی اور ان کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
محسن نقوی کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھا کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم صحافت کے ساتھ سیاست میں بھی اعلی روایات کے علمبردار تھے۔
عرفان صدیقی مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
محسن نقوی نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔ آمین۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کا سینٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
وزیراعلی مریم نواز شریف نے سینیتر عرفان صدیقی کے انتقال پر برازیل سے مرحوم کے اہل خانہ کے لئے تعزیت کا پیگام بھیجا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا، عرفان صدیقی ناقابل فراموش سیاسی روایات کے علمبردار تھے ۔
مریم نواز شریف نے کہا، پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
انہوں نے کہا، مرحوم عرفان صدیقی سیاست کا وقار تھے۔ تادیر یاد رکھا جائے گا ۔
مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور حامیوں کا سوشل پلیٹ فارمز پر اظہارِ افسوس
سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور حامیوں میں گہرے افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل پلیٹ فارمز پر سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ پاکستانی یوزرز کے اظہارِ افسوس کی شدت کے سبب کچھ ہی منٹ میں سینیٹر عرفان صدیقی کا نام ایکس پر ٹاپ ٹرینڈز مین ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔
