سٹی42: قومی اسبملی کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے لیڈروں کی تاریخ ساز چھترول کر ڈالی۔ راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اپنے انتہائی غیر معمولی آتش فشاں خطاب میں کہا، پی ٹی آئی کا بانی غیر سیاسی آدمی تھا، وہ جیل میں ان لیڈروں کی وجہ سے ہے جو پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔ راجا پرویز اشرف نے کہا، ہمارا مقابلہ کرنا ہے تو اپنے قیدی کو 12 سال جیل میں رکھو، اس کے بعد بات کرنا۔
یہ امر دلچسپ ہے کہ جب پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے قومی اسمبلی میں تقریریں کیں تو مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے معمول کے مطابق انہیں تحمل سے سنا، لیکن اپنی تقریریں کرنے کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے ایوان میں غل غپاڑہ کرنا شروع کر دیا۔
آئین میں 27 ویں ترمیم پر پی ٹی آئی کے ارکان کی بے سر و پا تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا، ابھی تک وہ ترامیم ایوان میں نہیں آئیں، اگر انہوں نے ان کے بارے میں پڑھا ہوتا تو اس قسم کے الفاظ کا استعمال ہرگز نہ کرتے۔
راجا پرویز اشرف نے کہا، سب سے پہلا اٹیک انہوں نے صدر آصف زرداری پر کیا ہے۔
کیا صدر مملکت کے پاس ایگزیکٹو پاورز ہیں۔
ان کے پاس جب پاورز ہی نہیں پھر ان پر کیس کیسے ہو سکتا ہے۔
آصف زرداری کے پاس کوئی عہدہ بھی نہیں تھا تو بھی ان کو کتنے سال جیل میں رکھا گیا۔
کون کون سا مقدمہ ان پر نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے بہادری کے ساتھ جیل کاٹی ہے، ان کی قید تو قیدِ تنہائی تھی۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے بانی پر گہری طنز کرتے ہوئے کہا، کاش آج جیل سے ایسی بہادری کی آوازیں آئیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا، ہم شہیدوں کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں۔
ہم اپنی فوج پر فخر کرنے والے ہیں۔
9 مئی کا سانحہ جنہوں نے کیا وہ آپ لوگ ہیں ۔
راجہ پرویز اشرف کی تقریر کے دوران رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی مسلسل غل غپاڑہ کرتے رہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اقبال آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "آپ شور مچانے والی مشین تو ہوسکتے ہیں، پارلیمنٹیرین بنیں."
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "آپ تو آئین شکن لوگ ہیں ، یہ تو عدالت کا فیصلہ ہے."
راجہ پرویز اشرف NY KOA. عوام کو سمجھ آ چکی ہے آپ شور تو مچا سکتے ہیں لیکن عوام کا اور ملک کا کوئی بھلا کبھی نہیں کر سکتے۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی مارچ 2022 میں عدم اعتماد کے ووٹ سے ختم ہونے والی حکومت کے بڑے برے دعووں اور وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، کس کو دی تھیں ایک کروڑ نوکریاں، کس کو پچاس لاکھ گھر دیئے تھے؟
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ارکان کو یاد دلایا، آپ کی کرپشن کی داستانیں ہیں ۔آپ جمہوریت کے دشمن لوگ ہیں۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ارکان کو مخاطب کر کے کہا، "آپ وہی بولی بولتے ہیں جو ہندوستان بولتا ہے."
پیپلز پارٹی کے سینئیر لیدر راجا پرویز اشرف آج پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے غیر پارلیمانی طرز عمل اور حرکتوں پر اس قدر غصے میں تھے کہ ان کو اتنے غصے میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا، اگر آپ لوگ ذاتی حملے کریں گے۔اگر آپ گالیاں دیں گے تو گالی کا جواب گالی آئے گا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے ارکان سے مزید کہا، آپ کو کیا پتہ کیا ہوتی ہے قانون سازی!
اس دوران پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے ہال مین مسلسل غل غپاڑہ کرتے رہے۔ اس غل غپاڑے کے دوران پی ٹی آئی کےبعض ارکان نے اشتعال دلانے کے لئے یہ نعرہ لگانا شروع کر دیا۔ " بی بی ہم شرمندہ ہیں تیرے قاتل زندہ ہیں."
پی ٹی آئی ارکان کے راجہ پرویز اشرف کی تقریر کے دوران مسلسل ہنگامہ آرائی کا راجا پرویز اشرف پر الٹا اثر ہوا، ان کی آواز مین گرج بڑھتی گئی اور تلخ طنزیہ جملوں کا آتِش فشاں پھٹ پڑا جو کسی طرح تھمنے میں نہیں آ رہا تھا۔
پریس گیلری میں رپورٹروں کو یہ کہتے سنا گیا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کی اتنی شدید چھترول پہلے کبھی نہیں ہوتے دیکھی۔

