انڈر 19ایشیا کپ کے فائنل میں میں گرین شرٹس کے بیٹرز نے روایتی حریف بھارت کی پہلے خوب تسلی کے ساتھ پٹائی کی، اس کے بعد پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیئے۔ میچ ابھی جاری ہے۔
پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا ہے ۔ امکان ہے کہ آج گرین شرٹس یہ کارنامہ بھی کر دکھائیں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی بیٹرز اور بولرز نے بھارت کے چھکے چھڑا دیئے ہیں۔ یہ محض خود تعریفی کے الفاظ نہیں بلکہ دبئی کے کرکٹ سٹیڈیم مین ایسا عملاً ہو رہا ہے۔
پاکستانی بولرز نے بھارت کے 6 ٹاپ بیٹرز کو 82 رنز پر ہی اُڑا دیا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔
اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ایشیا کپ انڈر19: پاک بھارت فائنل، کیا بھارت محسن نقوی سے ٹرافی وصول کریگا؟
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے میچ سے قبل پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بیٹرز نے پہلے کھیلنے کا چیلنج خوشی کے ساتھ قبول کیا اور ٹاس کی جیت پر خوش بھارتی سائیڈ کو جلد ہی سخت مشکل سے دوچار کر دیا۔
فائنل سے قبل گرین شرٹس کے کپتان فرحان یوسف نے بتایا کہ پوری طرح تیار ہیں، فائٹ کریں گے اور ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا ہے۔
2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر چیمپئن رہا تھا۔





