سٹی 42: جمال گروپ نے پاکستان کے معروف آئی ٹی ایف سینئر ٹینس پلیئر اور سابق ڈیوس کپ کھلاڑی راشد احمد ملک کی ٹینس کے لیے خدمات اور مسلسل بین الاقوامی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کردیا۔
راشد ملک کو کھیل کے لیے خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز ملنے کے بعد جمال گروپ کی جانب سے یہ اعزاز دیا گیا وہ پاکستان کے نمایاں سینئر ٹینس کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور کھیل کے ساتھ کوچنگ، انتظامی امور اور گراس روٹ لیول پر ٹینس کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
آئی ٹی ایف ریکارڈ کے مطابق راشد ملک اکتوبر 2024 میں 60 پلس سنگلز کیٹیگری میں عالمی سطح پر 46ویں نمبر تک پہنچ چکے ہیں جمال گروپ کے سی ای او سامی فاروق اور ڈائریکٹر عثمان فاروق نے پاکستانی ٹینس کے لیے راشد ملک کی خدمات اور آئی ٹی ایف ماسٹرز سرکٹ میں ان کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا۔
راشد ملک نے اعزاز پر جمال گروپ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انجریز کے باوجود وہ پاکستان کی نمائندگی اور ٹینس کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انجریز کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ملک کے لیے مزید ٹائٹل جیتنے کا جذبہ اور ذہنی مضبوطی برقرار ہے۔
اُنہوں نے مزیدکہا ہے کہ کوچنگ، انتظامی ذمہ داریوں اور اپنی ٹینس کو ایک ساتھ جاری رکھنا آسان نہیں، تاہم وہ پاکستان میں ٹینس کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے معروف ٹینس کوچ نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پیشہ ورانہ کھیلوں کے نظام اور اکیڈمیوں کے قیام کو بھی سراہا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
راشد ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے واضح وژن کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی قیادت میں صوبے میں کھیل تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ راشد ملک 14 نومبر سے تھائی لینڈ میں ہونے والے اگلے آئی ٹی ایف ماسٹرز ایونٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔