عابد چودھری:ہلڑبازی، روڈ ریج، ریسنگ، ڈرفٹنگ اور موٹرسائیکلوں سے سائلنسر نکال کر شہریوں کے لیے شور و خوف کا باعث بننے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈیفنس فیز 6 انڈرپاس میں ہلڑبازی اور خوف و ہراس پھیلانے والی ایک اور گاڑی کو پکڑ لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کار ڈرائیور کو دوبارہ مال روڈ پر خطرناک ڈرائیونگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
کار ڈرائیور کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر بھی خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی تھیں۔
سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ روڈ بلاکنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
دوسری جانب رات گئے شہریوں کے امن و سکون میں خلل ڈالنے پر 2 ہیوی بائیکرز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ روڈ بلاکنگ، روڈ ریج اور خوف و ہراس پھیلانے والے افراد کی نشاندہی کریں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔