سٹی42: چند ماہ میں دو بار بھارت کا غرور خاک میں ملانے والے قومی ہیروز کی آج باہم ملاقات ہوئی۔دبئی میں بھارت کو ہرا کر ایشیا کپ جیت لانے والے انڈر 19 ٹیم کے ہیروز کی آج چھ مئی سے دس مئی کے دوران 90 گھنٹے کی جنگ کے فاتح فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے لئے جی ایچ کیو راولپنڈی میں مدعو کیا۔ بھارت کو غرور اور تکبر کی ناقابلِ فراموش سزا دینے والی مسلح افواج کے سربراہ نے اپنے کرکٹ سکواڈرن کے شاہینوں کا شاندار استقبال کیا اور انہیں دل کھول کر شاباشیں دیں۔
وزیر داخلہ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین اور ایشئین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی بھی اپنی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں موجود رہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےایشیا کپ انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں تاریخی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
آئی ایس پی آرنے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈر 19 ہیروز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا نظم و ضبط، ٹیم ورک اور فائٹنگ اسپرٹ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا، نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کی عکاس ہے ،کھلاڑی پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر پاکستان کے سفیر بنیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ان کی توانائی اور کردار قوم کی عالمی پہچان بنے گا،نوجوانوں کو بااختیار بنانا قومی ترقی کی بنیاد ہے۔
انڈر 19 ٹیم کے ارکان نےفیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر شکریہ ادا کیا ،کھلاڑیوں نے اعتراف کیا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور کامیابی کی تحریک بنے گا۔