سٹی 42:صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتےہوئے شہید ہونے والے کیپٹن ابو ذرفاروق ، لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والوں کی بہادری اور جرأت کو سراہا، صدرِ مملکت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کیا اور اللّہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ شہداء نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار، شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے بہادری سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 8 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا ، شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض کبھی بھی نہیں اتار سکتی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہنگو میں 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نڈر اور بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ، سیکیورٹی فورسز نے ملکی امن و امان کی خاطر لازول اور بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہدا قوم کا فخر ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔