سٹی 42 : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ کے تحت دفاعِ خود کا بھرپور حق استعمال کیا ۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے موجودہ صورتحال کے بارے میں اہم بیانیہ جاری کیا ، جس میں انہوں نے افواج پاکستان کو بھارت کی بزدلی اور وار ہسٹیریا پرجرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ جواب پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سیاسی و پارلیمانی اتحاد کے ساتھ مکمل طور پر یکجا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی بہادری، وضاحت اور غیر متزلزل قیادت پر قوم کا مکمل اعتماد ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ کے تحت دفاعِ خود کا بھرپور حق استعمال کیا ، آپریشن کے ذریعے پاکستان نے اپنی ٹیکنالوجی، حکمت عملی اور فوجی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا، پاکستان کی مسلح افواج کا جذبہ، مہارت اور قوتِ ارادی دشمن پر بھاری ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا، بھارتی میڈیا جھوٹی خبروں میں الجھا رہا، پاکستانی میڈیا نے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو ترجیح دی، بین الاقوامی میڈیا نے بھی بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے سچ کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا: ہم ایک ذمہ دار، متحد اور باوقار قوم ہیں، قیادت، مسلح افواج، میڈیا اور عوام – سب ایک صف میں متحد ہیں، پاکستان مضبوط ہے، پاکستان پر فخر ہے۔ پاکستان زندہ باد





