راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے " اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں کے لیے قرعہ اندازی (بیلٹنگ) مکمل کر دی۔
بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری اراضی 20 سالہ لیز پر علامتی طور پر سالانہ 100 روپے فی ایکڑ کے عوض فراہم کی جائے گی۔ مستحق خاندانوں کو زمین کے استعمال کے حقوق کے ساتھ کاشتکاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دی جائے گی، جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پروگرام کا آغاز 22 اپریل کو کیا گیا تھا۔ 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں خواتین درخواست گزاروں کی تعداد 11 ہزار رہی۔ 29 ہزار لاٹس کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی ہے۔ تمام درخواست گزاروں کو پہلی بار ذاتی سماعت اور اپیل کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ کامیاب امیدواروں کو ایک ہفتے کے اندر الاٹمنٹ لیٹر جبکہ 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
قرعہ اندازی کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدوار عبدالستار سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب خاندانوں کو جلد لیز سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، زمین کی تیاری کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ خود مختار ہو کر کاشتکاری کر سکیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اسکیم کا مقصد بے زمین اور کم آمدنی والے خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اراضی کی الاٹمنٹ مکمل طور پر میرٹ اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کی گئی ہے، جس میں کسی سفارش یا دباؤ کو دخل نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی صوبے میں دستیاب قابلِ کاشت سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے مزید مستحق خاندانوں کو اس اسکیم میں شامل کیا جائے گا، جبکہ خواتین کی شمولیت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہمحمد نواز شریف کی یاد آ رہی ہے جنہوں نے ہاریوں کو اپنی زمین دی یہ بھی ویسا پروگرام ہے-پنجاب واحد صوبہ بن گیا جس نے سرکاری زمین میں عوام کو اسٹیک ہولڈر بنایا ہے-کامیاب افراد کو الاٹمنٹ بھی ملے گی، پر ایکڑ 50 ہزار، فی ایکڑ بھی ملے گا-