ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

زیر زمین آبی ذخائر کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح ،پنجاب میں سمارٹ واٹر میٹرنگ کے فروغ کا فیصلہ

زیر زمین آبی ذخائر کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح ،پنجاب میں سمارٹ واٹر میٹرنگ کے فروغ کا فیصلہ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

درنایاب:پنجاب کے شہری علاقوں میں زیرِ زمین آبی ذخائر کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر پانی کے بہتر اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے سمارٹ واٹر میٹرنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

لاہور میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں پانی کی بچت، واٹر میٹرنگ اور گراؤنڈ واٹر ریچارج سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

واسا حکام کے مطابق پنجاب میں 70 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز پر کام جاری ہے، جن میں سے 20 مکمل طور پر فعال ہوچکے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر اضلاع میں واٹر میٹرنگ کے منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ آٹومیٹک واٹر میٹرنگ سے خودکار ریڈنگ کا نظام متعارف کروایا جاسکے گا، جبکہ عملے کے کسی فرد کی میٹر ریڈنگ میں مداخلت نہیں ہوگی۔ میٹرنگ کا نظام مکمل طور پر شفاف اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے مختلف واٹر میٹرز کے ماڈلز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ واسا حکام کے مطابق صوبہ بھر میں 15 لاکھ 9 ہزار 288 واٹر میٹرز کی ضرورت ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک سے نسبتاً کم قیمت پر واٹر میٹرز فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں دیگر ممالک میں پانی کی بچت سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کا دائرہ کار بڑھانے پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار واٹر ریچارج ویلز کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ لاہور میں 40، ملتان میں 25 اور فیصل آباد میں 5 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

واسا حکام کے مطابق ریچارج ویلز کے ذریعے سالانہ 11.4 ملین گیلن پانی محفوظ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ واٹر میٹرنگ اور رین واٹر ہارویسٹنگ کو بھی جامع منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واسا حکام کے مطابق 1970 سے 2020 تک لاہور میں زیرِ زمین پانی کی سطح سالانہ تقریباً 3 فٹ تک گرتی رہی، تاہم صرف ٹیوب ویلز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی سے پانی کی سطح میں سالانہ کمی ایک فٹ تک آگئی۔

نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پانی کی بچت اور آبی ذخائر کے تحفظ سے متعلق بھرپور آگاہی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں۔