ویب ڈیسک: بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں آنے والے سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچا دی ہے۔
بھارت سے آنے والے ریلوں سے قبل مسلسل بارشوں کے باعث پہلے ہی پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا تھا لیکن جب بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تو تینوں دریا بپھر گئے اور ہر طرف تباہی مچ گئی۔
پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث 8 اضلاع میں پاک فوج سے مدد طلب کی گئی ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے 2 لاکھ کیوسک پانی کی لیٹر کے حساب سے کتنی مقدار ہوگی؟
اس کے لیے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ آخر کیوسک کا مطلب کیا ہے؟
جس طرح وزن کے لیے کلو گرام، فاصلے کے لیے کلومیٹر اور رقبے کے لیے مرلہ وغیرہ کے پیمانے استعمال کیے جاتے ہیں، اسی طرح مائع یا سیال چیزوں کے بہاؤ اور خاص طور پر دریاؤں اور نہروں کے بہاؤ کی پیمائش کے لیے جو پیمانہ استعمال کیا جاتا ہے اسے 'کیوسک' کہا جاتا ہے۔
کیوسک (Cusec) دراصل کیوبک (مکعب) فٹ فی سیکنڈ لفظ کا مخفف ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ کیوسک سے مراد کسی وقت میں فی یونٹ پانی کا بہاؤ ہے، یہ پانی کی مجموعی مقدار نہیں۔
ایک مکعب یا کیوبک فٹ میں لگ بھگ 28.32 لیٹر پانی ہوتا ہے۔
تو اگر کسی جگہ سے ایک سیکنڈ میں ایک کیوبک فٹ یا 28 لیٹر سے زائد پانی گزرے تو پانی کی وہ مقدار ایک کیوسک ہو گی۔
لہٰذا جب یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں جگہ سے ایک لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں سے ایک سیکنڈ میں 283170 لیٹر پانی گزرے گا۔
اس حساب سے بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 566340 لیٹر فی سیکنڈ پانی چھوڑا گیا جو پنجاب میں جہاں جہاں سے گزر رہا ہے وہاں بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن رہا ہے۔
سیلابی ریلوں سے کئی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، متعدد دیہات اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
کچھ چھوٹے بڑے شہروں میں بھی پانی داخل ہوگیا اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے، جبکہ بعض مقامات پر جانی نقصان کی اطلاعات بھی آ رہی ہیں۔
آنے والے دنوں میں اس سے مزید نقصان ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔