ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک رکن اسمبلی نے فقیر بن کر کیا دیکھا۔۔ضرور جانئے

اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک رکن اسمبلی نے فقیر بن کر کیا دیکھا۔۔ضرور جانئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: FACEBOOK
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:بھارت کی بڑی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی)کے رکن اسمبلی اور 3383 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالیت والے پراگ شاہ نے سیکورٹی، گاڑیاں اور قیمتی سامان چھوڑ کر ممبئی کے علاقے گھاٹ کوپر کی سڑکوں پر کئی گھنٹے بھکاری کے روپ میں گزارے؛ انہوں نے جین روحانی پیشوا کی ہدایت پر کئے گئے تجربے کو ’زندگی کی حقیقت‘ سمجھنے کی کوشش قرار دیاہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے بی جے پی رکن اسمبلی پراگ شاہ نے اپنی سیاسی حیثیت اور آسائشیں ایک طرف رکھ کر ممبئی کی سڑکوں پر بھکاری کا روپ اختیار کیا۔ممبئی کے علاقے  گھاٹ کوپر ایسٹ کے رکن اسمبلی نے اپنی سیکورٹی، گاڑیوں اور قیمتی سامان سے دور رہتے ہوئے کئی گھنٹے بھکاری کے بھیس میں لوگوں سے مدد مانگی اور سڑک کنارے بیٹھ کر وہ کھانا بھی کھایا جو لوگوں نے انہیں دیا۔ ان کی اس غیر معمولی سرگرمی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ شاہ کے مطابق انہوں نے یہ تجربہ ان کے جین روحانی پیشوا نمّرمُنی کے مشورے پر کیا۔ موجودہ جین مذہبی دور میں انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی معمول کی مراعات سے الگ ہوکر کچھ وقت عام انسان کی طرح گزاریں۔ شناخت چھپانے کے لیے انہوں نے میک اَپ بھی کروایا، جس کے بعد گھاٹ کوپر کی سڑکوں پر بھکاری کے روپ میں نکلے۔ 

پراگ شاہ نے اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر لوگ ان سے ملنے کیلئے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں، لیکن جب وہ اپنی اصل شناخت اور مرتبے کے بغیر انہی لوگوں کے پاس گئے تو صورت حال بدل گئی اور ’’یہی زندگی کی حقیقت ہے۔‘‘ انکا کہنا تھا کہ اس تجربے نے انہیں یہ سمجھنے کا موقع دیا کہ سماجی حیثیت بدل جانے سے لوگوں کا رویہ کس طرح مختلف ہوسکتا ہے۔ پراگ شاہ نے ممبئی کے لوگوں کے رویے کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔ انکےمطابق ایک شخص نے انہیں20روپے دیتے ہوئے کہا کہ ’’جاؤ بابا، کھانا کھالو۔‘‘ اسی دوران ایک سموسے والے سے انہوں نے کھانا لیا اور جب انہوں نے اسکو بتایا کہ انکے پاس پیسے نہیں ہیں تو اس شخص نے بغیر رقم لئے انہیں سموسہ دے دیا۔ شاہ نے کہااس تجربے سے انہیں محسوس ہوا کہ ممبئی کے لوگ ایک دوسرے کی مدد کیلئے تیار رہتے ہیں۔ 

بی جے پی کے رکن اسمبلی نے صرف لوگوں سے بھیک مانگنے تک یہ تجربہ محدود نہیں رکھا بلکہ حاصل ہونے والا کھانا کھایا اور سڑک کنارے بیٹھ کر بھی وقت گزارا۔ بعد میں میک اَپ اتارنے کے بعد وہ انہی مقامات پر دوبارہ گئے جہاں بھکاری کے روپ میں پہنچے تھے اور ان لوگوں سے بات کی جن سے پہلے انکی ملاقات ہوئی تھی۔ اسطرح وہ اپنی شناخت ظاہر کئے بغیر ملنے والے ردعمل اور شناخت سامنے آنے کے بعد کے رویے کا فرق بھی دیکھ سکے۔ پراگ شاہ کی اس سرگرمی نے اسلئے بھی خاص توجہ حاصل کی کہ وہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے امیر ترین سیاسی لیڈروں میں شمار ہوتے ہیں۔2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے حلف نامے میں انہوں نے 3383   کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کے اثاثے ظاہر کیے تھے اور اس وقت وہ ریاست کے سب سے امیر امیدوار تھے۔ ان کا بنیادی کاروباری تعلق رئیل اسٹیٹ شعبے سے ہے۔  ان کے بھکاری کے روپ میں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ بنیادی طور پر اسی تضاد پر مرکوز رہی کہ ہزاروں کروڑ روپے کے اثاثے رکھنے والا ایک منتخب نمائندہ چند گھنٹوں کیلئے ان افراد کی زندگی کا تجربہ کرنے نکلا جو روزانہ دوسروں کی مدد کے سہارے گزارا کرتے ہیں۔ 

ایس ایم عتیق شاہ بخاری سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ سینئر صحافی ہیں جو صحافت کی دنیا میں 25 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔