راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پنجاب کے 300 مریم نواز ہسپتالوں کو مکمل ہسپتالوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پہلی مرتبہ صوبے میں ڈیجیٹل میڈیکل باکس متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل میڈیکل باکس کو کیمرے سے منسلک کیا جائے گا، جس کے ذریعے ٹیلی کانفرنس بھی ممکن ہوگی۔ اس باکس میں الٹرا ساؤنڈ، بلڈ شوگر، سی بی سی اور ای سی جی سمیت مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا سکیں گے، جبکہ موبائل فون سے منسلک ہونے والی سمارٹ الٹرا ساؤنڈ ڈیوائس بھی متعارف کرائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہترین کارکردگی دکھانے والے ادارے کو "ہسپتال آف دی منتھ" کا اعزاز دینے کی ہدایت کی، جبکہ ناقص کارکردگی پر 4 ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 40 ہزار سے زائد ڈاکٹرز اور الائیڈ ہیلتھ سٹاف کی بھرتی کی گئی ہے، جن میں 2524 ڈاکٹرز، 2482 ویمن میڈیکل آفیسرز، 408 کنسلٹنٹس، 32 کارڈیالوجسٹس، 7572 ایل ایچ ویز اور 5048 سپورٹ سٹاف شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز اور ایم ایس کا پول قائم کرنے، ہر ضلع میں نئی سی ٹی سکین مشین فراہم کرنے اور موسمی و عام بیماریوں کیلئے ٹیلی میڈیسن سنٹر قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ کے مطابق مریض ٹیلی میڈیسن سنٹر پر موجود ڈاکٹر سے ویڈیو کال کے ذریعے مشاورت کر سکے گا، جبکہ اسی سنٹر سے مریض کو متعلقہ ہسپتال، وارڈ یا لیبارٹری میں ریفر کرنے اور وقت لینے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں مریضوں کے معیاری علاج کے تجزیے کیلئے کلینک کوالٹی کنٹرول آفیسر تعینات کرنے، پرائمری ہیلتھ کیئر میں ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس قائم کرنے اور تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو، فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن ویل کی 24 گھنٹے ڈیجیٹل نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں صفائی اور پارکنگ کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کمیونٹی ہیلتھ مانیٹرنگ پروگرام کے تحت 11 کروڑ 98 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن اور ڈیٹا مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ 3444 ذیابیطس ٹائپ ون مریضوں کو گھروں تک ادویات فراہم کی گئیں۔ اسی طرح ہیپاٹائٹس کے 14 ہزار 286 اور ٹی بی کے 13 ہزار 864 مریضوں کو بھی ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔
اجلاس میں پرائیویٹ کلینکس کو ایچ آئی ایم ایس سسٹم سے منسلک کرنے کیلئے قانون سازی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے بریفنگ دی۔