عاجز جمالی ;محکمہ لائیو اسٹاک سندھ نے صوبے میں جانوروں میں لمپی اسکن بیماری پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق پنجاب سے آنے والے جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی لائیو اسٹاک سندھ حزب اللہ بھٹو نے ہدایت جاری کی ہے کہ مہلک جلدی بیماری سے بچاؤ کیلئے جانوروں کی ویکسی نیشن فوری طور پر شروع کی جائے۔
انہوں نے سندھ پنجاب سرحد پر محکمہ لائیو اسٹاک کے کیمپ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ پنجاب سے آنے والے جانوروں کی جانچ اور ویکسی نیشن یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی جی لائیو اسٹاک کے مطابق حکومت سندھ نے لمپی اسکن بیماری سے بچاؤ کیلئے ویکسین بیرونِ ملک سے منگوائی ہیں، جبکہ صوبے بھر میں جانوروں کو لمپی اسکن سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔
حزب اللہ بھٹو نے بتایا کہ پنجاب سے سندھ آنے والے جانوروں کو سندھ پنجاب سرحد پر ہی ویکسین لگائی جائے گی تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔