(بابر شہزاد تُرک) اسلام آباد کے مرکزی سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( پمز) میں پروفیسرز ( گریڈ 20) کی آسامیوں پر سینئر ڈاکٹرز کی عدم دلچسپی کے باعث ٹیسٹ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے پمز میں پروفیسرز کی آسامیوں کے ٹیسٹ ملتوی کرنے سے متعلق پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے، نوٹس کے مطابق درخواست گزاروں کی ناکافی تعداد کے باعث ٹیسٹ ملتوی کیے گئے ہیں، ایف پی ایس سی کے مطابق پروفیسرز کی 6 کیٹیگریز میں سے 3 کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، ڈرماٹولوجی، ایمرجنسی میڈیسن اور پلمونولوجی کی آسامیوں کیلئے ایک بھی درخواست موصول نہیں ہوئی، نوٹس کے مطابق باقی 3 کیٹیگریز، کارڈیک سرجری، نیونیٹولوجی اور پیڈیاٹرک سرجری کیلئے مجموعی طور پر صرف 5 درخواستیں موصول ہوئیں، کارڈیک سرجری اور نیونیٹولوجی کیلئے ایک، ایک جبکہ پیڈیاٹرک سرجری کیلئے 3 درخواستیں موصول ہوئیں، ایف پی ایس سی کے مطابق پمز پروفیسرز کی آسامیوں کا ٹیسٹ فیز تھری 2026 میں شیڈول تھا، تاہم درخواست گزاروں کی ناکافی تعداد کے باعث ٹیسٹ ملتوی کر دیے گئے ہیں، فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے مذکورہ آسامیوں کو دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق موجودہ امیدواروں کو دوبارہ درخواستیں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ ان کی جمع کرائی گئی درخواستیں اور فیس برقرار رہے گی۔