( عرفان ملک ) ایف آئی اے کی واپڈا ٹاؤن میں کارروائی، بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبا کو لوٹنے والے انٹرنیشنل فراڈ گروپ کے دو ارکان گرفتار کرلئے، ملزمان کی جعل سازی سے متاثر 100 سے زائد طلبا بیرون ملک گرفتار بھی ہوئے، ملزمان کا تین روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق چند افراد طلبا سے آن لائن فیسوں کی ادائیگی کا جھانسہ دے کر ایسے کریڈٹ کارڈز کا استعمال کر رہے تھے جو بیرون ممالک سے چوری ہو کر ان تک پہنچ رہے تھے۔ متعدد طلبا کے آن لائن ادائیگی کے لیے پیسے بٹور بھی لیئے جاتے لیکن بعد میں چوری شدہ کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا بلاک ہونے سے ان طلبا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس پر ایف آئی اے حرکت میں آئی اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو لوٹنے والے گروہ کے دو افراد گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان جاوید اقبال اور وقاص آن لائن تعلیم حاصل کرنے والوں کی فیسیں چوری شدہ کریڈٹ کارڈ پر جمع کراتے، ایف آئی اے کے مطابق چوری شدہ کریڈٹ کارڈ پر فیسیں جمع کرانے پر سو سے زائد طالب علم مختلف ممالک میں گرفتار ہوچکے ہیں اور ملزمان طالب علموں سے رقم پاکستانی کرنسی میں وصول کرتے تھے۔